فیصل آباد (یو این پی)حکومت پنجاب کی ہدایات پر انسداد ڈینگی ویک کے سلسلے میں ضلع کونسل کے زیر اہتمام انسداد ڈینگی واک منعقد ہوئی جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے کی۔واک میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی صاحبزادہ محمد یوسف،سی او ضلع کونسل غلام دستگیر،سی او میٹروپولیٹن کارپوریشن زبیر حسین اور دیگر افسران کے علاوہ سول سوسائٹی کے افراد بھی شریک تھے۔واک ضلع کونسل سے شروع ہوکر مختلف راستوں سے گزرتی ہوئی واپس ضلع کونسل پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔شرکاءنے ڈینگی سے بچاؤکی احتیاطی تدابیر پر مشتمل بینرز اور پلے کارڈز اٹھارکھے تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ڈینگی سے بچا¶ کے لئے بھرپور انتظامی و انسدادی اقدامات کر رہی ہے تاہم عوامی تعاون کے بغیر انسداد ڈینگی میں کامیابی ممکن نہیں لہذا شہری ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ ذرائع کا صفایا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے گھروں کے مکینوں سے کہا کہ وہ شعوری انداز میں احتیاطی تدابیر پر عمل کریں کسی جگہ پانی کھڑا نہ رہے کیونکہ موجودہ موسم ڈینگی لاروا کی افرائش کے لئے موافق ہے لہذا بھرپور احتیاط اور توجہ سے اس پر قابو پایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی لاروا کی تلفی کے لئے ہر فرد کا کردار اہم ہے لہذا ڈینگی کی آماجگاہوں کے خاتمے کے لئے شہری اپنے گھروں کے اندر صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی انسداد ڈینگی ٹیموں سے تعاون کیا جائے جو آؤٹ ڈور اوران ڈور سرویلنس کے لئے سرگرم عمل ہیں۔انہوں نے محکمہ صحت کے متعلقہ افسران اور انسداد ڈینگی سٹاف سے کہا کہ وہ ڈینگی لاروا کی افزائش روکنے کے لئے تمام تر وسائل کے ساتھ غیر معمولی کوششیں کریں اس ضمن میں معمولی سی بھی غفلت کی گنجائش نہیں۔انہوں نے کہا ضلع بھر میں 22۔اگست سے شروع ہونے والے انسداد ڈینگی ویک میں تمام محکموں کی طرف سے بھرپور آگہی ایونٹس منعقد کئے گئے۔