اسلام آباد ۔۔۔وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے کو منافع بخش بنانے کیلئے تمام اہم اقدامات کئے جارہے ہیں،جبکہ ہم پاکستان ریلوے کو منافع بخش ادارہ بنا کر ہی دم لیں گے، مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے انہیں ریلوے کی آمدن21 ارب روپے کرنے کا ٹارگٹ دیاہے جسے وہ پورا کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ریلوے کے خسارے میں روز بروزکمی آرہی ہے اور ریلوے کے سفر کو فول پروف بنانے کیلئے اہم اقدامات بھی کئے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ریلوے اور اس کے مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے ادارے ، ایف سی اور ریلوے پولیس مشترکہ طور پر کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں، ریلوے کی زمینوں کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے اسے کمپیوٹرائزڈ کیا جارہاہے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ غیر قانونی طور پر ریلوے کی زمینوں پر کئے جانے والے قبضہ کو چھڑانے کیلئے تمام تر کوششیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رائل پام جیسے کئی اورکیس بھی عدالت میں زیر سماعت ہیں جن کی مکمل پیروی کی جارہی ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے بتایا کہ ریلوے کے واجبات کے نادہندگان کے خلاف آنے والے دنوں میں خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ریلوے کو سیکیورٹی کے حوالے سے مختلف سرحدی علاقوں میں مشکلات کا ضرور سامنا ہے جنہیں صوبوں کی مدد سے حل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان ریلوے میں سرمایہ کاری کیلئے چند بیرونی سرمایہ کار دلچسپی بھی لے رہے ہیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ماضی میں ریلوے کی بہتری کیلئے کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں کئے گئے تاہم اب مسلم لیگ(ن) کی حکومت پاکستان ریلوے کو بہتر بنانے میں سنجیدہ ہے اور وہ پر عزم ہیں کہ وہ ضرور کامیاب ہونگے۔