فیصل آباد (یو این پی)مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے تحریک انصاف کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔انکا کہنا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیرصدارت اجلاسوں میں ریاست کو بلیک میل کرنے کی بات کی جاتی ہے،ریاست کو بلیک کرکے پی ٹی آئی اقتدار میں آنا چاہتی ہے۔ لیگی رہنما طلال چودھری نے کہا کہ عمران خان نے پہلے اپنے چیف آف اسٹاف سے بیان دلوایا اور اب یہ باتیں کررہے ہیں۔وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے اب خاموش نہ بیٹھے اور کارروائی کرے،یہ پاکستان کو سری لنکا جیسا ملک بنانا چاہتےہیں۔جبکہ سابق گورنر سندھ اور مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر نے شوکت ترین کی صوبائی وزراءتیمور جھگڑا اور محسن لغاری کی مبینہ آڈیو کال لیک ہونے پر ردعمل میں کہا کہ ملکی مفاد کو داو پر نہیں لگانا چاہیے۔ٹیلی فونک گفتگو سے عمران خان کی پالیسی بے نقاب ہوگئی ہے۔جن لوگوں نے اس قسم کی گفتگو کی ان کو معافی مانگنی پڑے گی۔ وفاقی وزیر شیریں رحمان نے کہا کہ ملک کو ٹھیس پہنچانے کی بات سنگین جرم ہے۔اس سوچ کی عکاسی باعث صدمہ ہے۔شوکت ترین کی آڈیو سن کر سکتے میں چلی گئی۔پیپلزپارٹی کے ساتھ کیا کچھ نہیں ہوا لیکن ملک کو کبھی ٹھیس پہنچانے کی بات نہیں کی،انہوں نے کہا کہ ملکی مفاد کو نقصان نہ پہنچانا ہماری تربیت کا حصہ ہے۔خیال رہے کہ آڈیو میں شوکت ترین نے محسن لغاری کو کہا کہ یہ جو آئی ایم ایف کو 750 ارب کی کمٹمنٹ دی ہے آپ سب نے سائن کیا ہے،آپ نے اب کہنا ہے کہ ہم نے جو کمٹمنٹ دی تھی وہ سیلاب سے پہلے تھی، آپ نے اب لکھنا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے ہمیں بہت پیسہ خرچ کرنا پڑے گا،آپ نے اب یہ لکھنا ہے کہ ہم یہ کمٹمنٹ پوری نہیں کر پائیں گے، یہی لکھنا ہے کہ آپ نے اور کچھ نہیں کرنا۔ شوکت ترین نے مزید کہا کہ ہم سب چاہتے ہیں ان پر دباؤ بڑھے۔