پشاور (یواین پی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ لوگ ہیں جو کہہ رہے ہیں میں فوج کے خلاف ہوں، فوج بھی اور ملک بھی میرا ہے، فوج مضبوط ہو گی تو ہم کسی کے سامنے نہیں جھکیں گے، ہم مضبوط فوج کی وجہ سے بچے ہوئے ہیں، ہم اس ملک کے اداروں کو مضبوط کریں گے، اگر ہم فوج پر تنقید کرتے ہیں تو اس کی بہتری کے لیے تعمیری تنقید کرتے ہیں۔ مخالفین کی کوشش ہے سب سے بڑی جماعت کو فوج، عدلیہ کے ساتھ لڑایا جائے، ان کا پروپیگنڈا سیل پروپیگنڈا کر رہا ہے۔پشاور میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ جب بیرونی سازش کے تحت حکومت کوگرایا تو پہلا جلسہ پشاورمیں کیا، پشاور والوں نے کبھی مجھے مایوس نہیں کیا، سندھ،بلوچستان، ڈی جی خان، راجن پور، ڈیرہ اسماعیل خان سیلاب سے متاثر ہوئے، اللہ نے ہمیں بہت بڑے امتحان میں ڈالا ہے، سندھ کے لوگ بڑی مشکلوں میں ہیں، میرے خلاف ایک بڑا منظم پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے۔ نوجوانوں کو حقیقی آزادی اور کلمے کا مطلب سمجھانا چاہتا ہوں،ہم زنجیروں کی وجہ سے اوپر پرواز نہیں کر پا رہے، نبی ﷺ کی سنت پر چلتے ہوئے قوم کو جگانا چاہتا ہوں تاکہ یہ زنجیریں ٹوٹ جائیں،چوروں کا ٹولہ پروپیگنڈہ کر رہا ہے،امریکی سازش کے تحت چوروں کے ٹولے کومسلط کیا گیا، چوروں کے ٹولے کو پاکستان کو نیچے لیجانے کے لیے مسلط کیا گیا، ہم پاکستان کوعلامہ اقبال کے خواب جیسا عظیم ملک بنانا چاہتے ہیں، ہم دنیا بھرمیں سبز پاسپورٹ کی عزت کرانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چوروں کے ہوتے ہوئے سبز پاسپورٹ کی عزت نہیں ہو سکتی، آج کے جلسے میں آپ کی تربیت بھی ہو گی، جلسے میں بہت ساری ویڈیو بھی دکھانی ہیں، ہم پاکستان کی عزت کرانا چاہتے ہیں، امپورٹڈ کرائم منسٹر کو کیا اپنا وزیراعظم مانتے ہو؟ اگر شہباز شریف غیرت مند وزیراعظم ہوتا تو چوری کیا ہوا اپنا پیسہ ملک لاتے۔ چوروں کے ٹولے کو پتا چل گیا مجھے شکست نہیں دے سکتے، تھری اسٹوجزکوپتا ہے جب بھی الیکشن ہوا شکست ہوگی، اب یہ مجھے کسی طرح ڈس کوالیفائی کرنے کے لیے سازشیں کر رہے ہیں۔