ٹھٹھ (یواین پی/ حمید چنڈ)وزير اعلیٰ سندہ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد و نگران رین ایمرجنسی ضلع ٹھٹھہ صادق علی میمن نے محکمہ آبپاشی، ریونیو و دیگر متعلقہ افسران، پارٹی رہنماؤں اور علائقائی معززين کے ہمراہ پی بی حفاظتی بند، راوڑا موری، لکا بنگلو، سوہنی لتھ اور 22 آر ڈی و دیگر مقامات کا دورہ کرکے پانی کے بہاؤ، بندوں پر جاری پچنگ اور مرمتی کام کی نگرانی اور دیگر تمام تر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا. اس موقع پر انہوں نے محکمہ آبپاشی اور دیگر متعلقہ افسران کو ہدایات کی کہ پی بی بند کے مختلف مقامات سمیت ضلع کے تمام حساس اور کمزور حفاظتی بندوں کی نشاندہی کرکے ان کی ہنگامی بنیادوں پر پچنگ و مرمت کی جائے اور چوبیس گھنٹے وہاں موجود رہ کر نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے- اس ضمن میں کسی بھی قسم کی غفلت اور کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی. بعد ازیں معاون خصوصی وزیر اعلیٰ سندہ صادق علی میمن نے پاکستان پیپلز پارٹی کے مقامی دفتر دھابیجی میں لاڑکانہ اور دادو سے نقل مکانی کرکے گھارو اور دہابیجی میں قائم رلیف کیمپس میں رہنے والے متاثرین سے ملاقات کی اور ان سے درپیش مسائل معلوم کیئے اور انہیں تمام مسائل کے حل کیلئے یقین دہانی کروائی- انہوں نے متاثرین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں انہیں کسی صورت تنہا اور بے یارو مددگار ہرگز نہیں چھوڑا جائے گا- اس ضمن میں سند حکومت، ضلعی انتظامیہ و دیگر محکموں کے افسران سمیت پاک فوج بھی متاثرین کی مدد اور بحالی کیلئے دن رات مصروف عمل ہیں- اس موقع وزیر اعلیٰ سندہ کے معاون خصوصی و نگران رین ایمرجنسی صادق علی میمن نے متعلقہ افسران کو ہدایات کی کہ متاثرین کو خیمے، مچھر دانیاں ،راشن، پکا ہوا کھانہ، طبی امداد سمیت ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور انہیں کسی بھی قسم کی تکلیف یا پریشانی پیش نہ ہو. اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری امتیاز احمد قریشی، دیگر ضلعی اور مقامی پارٹی عہدیداران و کارکنان سمیت بلدیاتی امیدواران اور علائقائی معززين بھی موجود تھے –