اسلام آباد(یواین پی)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے فضل الرحمن کی پارلیمنٹ کی مدت میں ایک سال توسیع کی تجویز مسترد کردی ہے۔پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر خورشید شاہ نے پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمن کی جانب سے موجودہ پارلیمنٹ کی مدت میں ایک سال کی توسیع کی تجویز کو واضح طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس توسیع سے عوام میں یہ تاثر جائے گا کہ سیاستدان اقتدار کے بھوکے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن کے حالیہ تجویز کے حوالے سے خورشید شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنا وقت مکمل کر کے آئین کے مطابق انتخابات کی طرف جائے،عام انتخابات میں ایک دن کی توسیع بھی قابل قبول نہیں ہونی چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی مذہب کارڈ استعمال نہیں کیا، سیاسی جماعتوں کو مذہب کارڈ اور غداری کے فتوں سے اجتناب کرنا چاہیے اور قوم کو تقسیم در تقسیم سے بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ اس وقت سیلاب ملک کا اہم ترین مسئلہ ہے اور سیلاب زدگان کی مدد حکومت اور اپوزیشن کا اولین فرض ہونا چاہیے۔