فیصل آباد (یو این پی)سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ شدید دباؤ کے باوجود عمران خان نے کورونا وباءکے دوران بھی انڈسٹری بند نہیں ہونے دی،انہیں احساس تھا کہ انڈسٹری بند ہوئی تومزدور کا چولہا ٹھنڈا ہوجائے گا، کورونا کے باوجود ملک کی معاشی ترقی کی شرح اوپر جارہی تھی سازش کے ذریعے اقتدار میں آنے والے نااہلوں نے ہر چیز برباد کردی، ڈنڈے کے زورپرآواز تو دبائی جاسکتی ہے لیکن معیشت نہیں چلائی جاسکتی،سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام نہیں آسکتا۔سینئر صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار فیصل آباد کے مقامی ہوٹل میں آل پاکستان بیڈ شیٹس اینڈ آپ ہولسٹری مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پاور سیکٹر کے زیادہ ٹیرف کے باعث انڈسٹری بند ہورہی ہے سندھ اور پنجاب میں گیس کا ٹیرف مختلف ہے،پنجاب کے ساتھ گیس اور بجلی کے نرخوں کے حوالے سے ظلم ہورہا ہے،پنجاب کے ساتھ سوتیلے جیسے سلوک سے انڈسٹری تباہ ہورہی ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے دور میں صنعتی شعبوں کوحکومت تک با آسانی رسائی حاصل تھی،صنعتی تنظیموں کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہو رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ اپنے کرپشن کیسز ختم کرنے کے لئے اقتدار میں آنے والے انڈسٹری کی بدحالی کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2018سے قبل لوگ پاورلومز کباڑ کے بھاؤبیچ رہے تھے،پی ٹی آئی اقتدار میں آئی تو پاور لومز کے مسائل حل ہوئے،ہم عوام کی طاقت سے ایک دفعہ پھر اقتدار میں آکر صنعت کو فروغ دیں گے اور فیصل آباد میں ایکسپو سنٹر جلد مکمل کیا جائے گا۔صدر ایف سی سی آئی عاطف شیخ منیر،سابق صدر رانا سکندرا عظیم خان،صدر سپریم انجمن تاجران اسلم بھلی، ریجنل چیئرمین اپٹما شیخ شفیق، تاجروں اور صنعت کاروں نے تقریب میں شرکت کی۔آل پاکستان بیڈ شیٹس اینڈ آپ ہولسٹری مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عارف احسان ملک نے صنعتکاروں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔سینئرصوبائی وزیر نے جائز مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے مسائل پر بات چیت کیلئے صنعتکاروں کے وفد کو لاہور بلالیا۔