لاہور(یواین پی)پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان 7 ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پانچواں میچ کل 28 ستمبر بروز بدھ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا،میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق شام 7 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔سیریز کے پہلے چار میچ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے اور اب باقی تین میچ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔پانچویں میچ سے قبل میزبان اور مہمان ٹیمیں حکمت عملی طے اور میچ میں کامیابی کے لئے بھر پور تیاری کر رہی ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سات میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر ہے۔ انگلینڈ نے پہلے ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ میں پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دی، دوسرے میچ میں گرین شرٹس نے جاندار کم بیک کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی تھی، انگلینڈ ٹیم نے تیسرے میچ میں گرین سرٹس کو 63 رنز سے شکست دے کر ایک مرتبہ پھر 1-2 کی برتری حاصل کی تاہم پاکستان ٹیم نے چوتھے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد مہمان برطانوی ٹیم کو 3 رنز سے شکست دے کر 7 میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر کر دی ہے۔برطانوی کرکٹ ٹیم اب لاہور میں سیریز کے باقی میچز کھیلے گی جس سے لاہور کے شائقین کرکٹ میں خوش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مہمان ٹیم کی سکیورٹی کے لئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ ٹی ٹونٹی سیریز کے تمام میچز شام کو شروع ہونے کے باعث تمام میچز فلڈ لائٹس میں کھیلے جائیں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان شائقین کرکٹ کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار میچز دیکھنے کو مل رہے ہیں، پاکستان کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں گرین شرٹس کی قیادت کر رہے ہیں۔برطانوی ٹیم کپتان جوز بٹلر کی ابتدئی چار میچز میں خدمات سے محروم رہی اور ان کی غیر موجودگی میں مایہ ناز آل راؤنڈر معین علی نے انگلینڈ ٹیم کی قیادت کی تھی۔