فیصل آباد (یو این پی)موجودہ بدلتے ہوئے موسم میں ڈینگی مچھروں کی افزائش کی روک تھام کیلئے شہری اپنے گھروں،محلوں اورگلیوں میں موجود غیر ضروری پانی کوخشک اورماحول کو صاف ستھرا رکھیں کیونکہ ڈینگی مچھرگھروں کی چھتوں اورصحن میں موجود کوڑا کرکٹ و غیر ضروری سامان میں بارش یا ٹینکی کا پانی جمع ہونے سے پھیلتا ہے۔اسسٹنٹ انٹومالوجسٹ وماہر ڈینگی مچھرطارق محمودنے شہریوں پر زور دیا کہ وہ حکومت پنجاب کی ڈینگی مچھر مکاؤمہم کو کامیاب بنانے کیلئے اپنے گھروں کی چھتوں پرموجودناقص اور غیر ضروری سامان میں بارشوں کا پانی کھڑا نہ ہونے دیں،دروازوں،کھڑکیوں و روشن دانوں میں جالیاں استعمال کریں۔انہوں نے شہری عوام سے استدعا کی کہ وہ ڈینگی مکاؤمہم میں شامل ہو کر قومی فریضہ ادا کریں کیونکہ ڈینگی سے ڈرنا نہیں بلکہ اس سے لڑنا،بچنا اور اس کو اجتماعی کاوشوں سے شکست دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی مچھرکے خاتمہ کیلئے بحیثیت قوم صفائی کی عادت اپنانا ہوگی۔انہوں نے بتایاکہ زرعی سائنسدانوں نے ڈینگی کے خاتمہ کیلئے غیر کیمیائی طریقے وضع کرنے کے ساتھ ساتھ ایسی زہروں کی نشاندہی کی ہے جن کے استعمال سے ڈینگی مچھروں کا تدارک آسان ہوگیا ہے اور یہ زہریں انسانوں کیلئے ضرررساں بھی نہیں ہیں۔انہوں نے کہاکہ شہری گھروں کی چھتوں، صحنوں اورگلی محلوں میں ڈینگی مچھر کی تلفی کیلئے ڈیلٹا میتھرین اور لیمڈا سائی ہیلوتھرین زہروں کا سپرے کریں نیزجوہڑوں وغیرہ میں کھڑے پانی میں لارو¶ں کی تلفی کیلئے ٹیمی فاس اور فین تھیان زہروں کا استعمال بھی کیاجاسکتاہے۔