پشاور۔۔۔ قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ بھارت اور افغانستان میں رونما ہونے والی سیاسی تبدیلی کے تناظر میں روڈمیپ کی تیاری کے لئے کل جماعتی کانفرنس کا انعقاد کرناچاہئے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے وطن کور حیات آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرصوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے سات گڑھی شیرداد جماعت اسلامی کے رہنماء حاجی سیف اللہ خان اور حاجی سریر خان نے اپنے خاندانوں اور ساتھیوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔آفتاب شیرپاؤ نے نریندرمودی کے حالیہ انتخابات میں کامیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مودی واجپائی نہیں اور اگر پاکستان اندرونی طور پر کمزور ہو تو انڈیا اس سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کی ایک سالہ کارکردگی مایوسیوں اورتضادات کا مجموعہ ہے اور اس دوران عوام کو کوئی ریلیف نہیں ملا۔ تبدیلی کے دعوی دار پی ٹی آئی کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے سوال کیا کہ کیا آئے روز اغواء برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ ،بے روزگاری، لوڈشیڈنگ اور بھتہ خوری پی ٹی آئی کا نیا پاکستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا الیکشن کمیشن کے ممبران کے مستعفی ہونے کا مطالبہ غیر آئینی ہے۔