لاہور (یواین پی) پنجاب پولیس نے واضح کیا ہے کہ صوبے میں بچے اغوا ءکرنے والا کوئی گروہ سرگرم نہیں ہے اس لیے عوام میں خوف و ہراس پھیلانے سے گریز کیا جائے.گزشتہ کچھ روز کے دوران سوشل میڈیا پر ایسے دعوے کیے جا رہے ہیں کہ صوبے میں بچے اغواء کرنے والے گروہ متحرک ہیں اس لیے بچوں کو گھر سے باہر نہ نکلنے دیا جائے. سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ پنجاب میں اب تک 1400 بچے اغوا ءہوچکے ہیں.نجاب پولیس کی جانب سے ایک بیان میں ان دعوؤں کی نفی کی گئی ہے. ترجمان کے مطابق ” مختلف سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے گلی، محلوں اور سکولوں سے بچوں کو اغواء کرنے والے گروہوں کے متحرک ہونے بارے افواہیں پھیلائی جارہی ہیں جن میں کوئی صداقت نہیں۔ آپ سے گزارش ہے کہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں اور بلا تصدیق ایسی جھوٹی خبریں آگے نہ پھیلائیں۔”