جشن عیدمیلادالنبیﷺملک بھرمیں آج مذہبی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

Published on October 9, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 46)      No Comments

اسلام آباد/ لاہور/کراچی/پشاور/کوئٹہ/مظفرآباد(یواین پی)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر اور آزاد کشمیر گلگت بلتستان میں عید میلادالنبی ﷺ”آج“ 12ربیع الاول 9اکتوبر کو مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے، ملک کے چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر گلگت بلتستان میں میلاد النبیؐ کے سلسلے میں جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی، مساجد و گھروں میں درود و سلام کی خصوصی محافل کا اہتمام بھی کیا جائے گا، ایوان صدر، ایوان وزیراعظم،سیکرٹریٹ سمیت تمام سرکاری عمارات پر چراغاں اورقومی پرچم،جھنڈیاں اور سبزگنبدوالے پرچم لہرا رہے ہیں،پورا ملک برقی قمقموں سے جگمگارہاہے۔تفصیلات کے مطابق ولادت نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفی ؐ آج(اتوار) ملک بھر میں مذہبی جوش وجذبے اور عقیدت و احترام کیساتھ منائی جارہی ہے،بین الاقوامی خبر رساں ادارہ یو ا ین پی کے مطابق وفاقی، صوبائی اور ڈویژنل سطح پر سیرت کانفرسز کا انعقاد بھی ہو گا، جن میں علمائے کرام نبی کریم ﷺ کی حیات مبارکہ پر تفصیلی روشنی ڈالیں گے۔ عید میلاد النبیﷺ کے سلسلہ میں مختلف تنظیموں کی جانب سے کیک کاٹنے کی تقریبات بھی منعقد ہونگی۔ جبکہ بازاروں، گلیوں، محلوں اور گھروں کو برقی قمقموں اور سبز جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے، عمارتوں پر چراغاں کر دیا گیا ہے، بازاروں میں مسجد نبوی، خانہ کعبہ کے ماڈل رکھے جائیں گے، کیلی گرافی کے نمونے بھی گلیوں میں آویزاں کئے جائیں گے، جبکہ یکم ربیع الاول سے ہی نذر و نیاز کا سلسلہ بھی جاری ہے جو آج بھی جاری رہے گا۔ صوبائی دارالحکومت میں مختلف علاقوں سے عید میلاد البنیؐ کے جلوس نکالے جائیں گے اور محافل میلاد کا انعقاد کیا جائیگا۔ ادھر لاہور، کراچی، کوئٹہ، ملتان، جھنگ،پشاور سمیت ملک تمام چھوٹے بڑے شہروں اور دیہاتوں میں ریلیاں جلوس، محافل نعت اور حضوراکرمؐ کی سیرت پر روشنی ڈالنے کیلئے پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں۔عیدمیلاد النبیؐ کے موقع پر اپنے پیغام میں صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سرور کائنات، ہادی برحق حضرت محمد ﷺ کی آمدکے اس سعید دن پر میں ملتِ اسلامیہ کو بالعموم اور اہل وطن کو بالخصوص مبارک باد دیتا ہوں اور بارگاہِ ایزدی میں دعا گو ہوں کہ یہ ماہِ بابرکت ہم سب کے لیے باعثِ رحمت و بخشش ثابت ہو، آمین۔ اللہ تعالیٰ نے آنحضرت محمد ﷺ کو پوری انسانیت کے لیے آخری کامل رہنما او رمعلم بناکر بھیجا۔ سرکار دوعالم کی آمد اور ان کی تعلیمات سے انسانی زندگی کے ہر گوشے میں ایک عظیم انقلاب برپا ہوگیا۔ جناب رحمت اللعالمین کی آمد کی بدولت الٰہیات و عقائد، عبادات و معاملات، انفرادی، گھریلو اور اجتماعی زندگی، اخلاقیات، معاشیات اور سیاسیات سمیت زندگی کے ہرشعبے میں کامیاب اور خوشگوار تبدیلی رونما ہوئی۔ سرکارِ دوعالم حضرت محمد ﷺ کی حیاتِ مقدسہ ہمارے لیے کھلی کتاب کی صورت ہے، جو امانت و دیانت، سادگی، منصف مزاجی، رحمت و عفو و درگزر، تحمل و بْردباری، ایثار و قربانی، سچائی، افرادسے عمدہ سلوک، سخاوت، شجاعت، انکسار و تواضع، عہد کی پابندی، باہمی معاملات میں عمدگی،یتامیٰ، بیوگان، ناداروں اورمحتاجوں کی امداد او ران سے ہمدردی کی مثالوں سے بھری پڑی ہے اور روزمرہ کے معاملات میں ہماری مکمل رہنمائی کرتی ہے۔ریاستی امور کو ریاست مدینہ کی طرز پر ڈھالنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم سب دینی، قومی اور اجتماعی مفادات کو ترجیح دیں، اپنی سوچ اور روّیوں میں مثبت تبدیلی لائیں۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم تعلیمات نبوی ﷺ پر اس کی روح کے مطابق عمل پیرا ہوں تاکہ وطن عزیز میں ایک فلاحی معاشرے کا قیام ممکن ہو سکے کیونکہ آج بھی فلاحِ انسانیت کا دارومدارسرکاردوعالم ﷺ کی تعلیمات و اُسوہئ حسنہ پر عمل کرنے میں ہے۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں محسن انسانیت نبی اکرم ﷺ کے اُسوہئ حسنہ پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا کرے اور وطن عزیز پاکستان کو حقیقی ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن فرمائے۔دوسری جانب پاکستان کی طرح آزادکشمیرمیں بھی جشن عید میلادالنبیﷺ کو سرکاری طورپرشایان شان اندازسے منانے کا فیصلہ کیا گیاہے‘حکومت آزادکشمیر کی طرف سے مرکزی سیرت کمیٹی کے اشتراک سے جشن عیدمیلادالنبیﷺ کے حوالہ سے ماہ ربیع الاول کے دوران پورا ماہ مختلف تعلیمی اداروں اور دیگر سرکاری محکموں میں درودوسلام کی محافل،محافل میلادالنبیﷺ کا انعقاد‘ سرکاری، نیم سرکاری ونجی عمارات پر چراغاں سمیت دیگر تقریبات کاانعقادکیاجارہاہے۔دارالحکومت میں ایوان صدر، ایوان وزیراعظم،سیکرٹریٹ سمیت تمام سرکاری عمارات پر چراغاں اورقومی پرچم،جھنڈیاں اور سبزگنبدوالے پرچم لہرائے گئے ہیں اورپورا شہر بقعہ نورکامنظر پیش کررہاہے۔ ہر طرف سے درودوسلام کی صدائین بلند ہو رہی ہیں۔12ربیع الاول عیدمیلادالنبیﷺ کے باسعادت موقع پرپورے آزادکشمیر میں اظہارتشکر اور تذکیرو تجدید ایمان کی خاطرحسب سابق عام تعطیل ہوگی، دن کاآغاز مساجد میں تلاوت قرآن کریم، صلوٰۃ و سلام اوردعاؤں سے ہوگا۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Weboy