اسلام آباد(یواین پی)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ بچوں کو اسکولوں میں سیرت النبیﷺ پڑھانے کی ضرورت ہے۔اسلام آباد میں رحمت اللعالمین ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ تعلیم کے بغیرکوئی معاشرہ اوپر نہیں جاسکتا، تعلیمی اداروں میں اسلامی تعلیمات پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسوہ حسنہ ﷺ پر عمل تمام مسائل کا واحد حل ہے، اپنی ذات کیلئے زندگی بسر کرنے والے کبھی بڑے آدمی نہیں بن سکتے، پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کیلئے رول آف لاء ضروری ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ انصاف کی وجہ سے معاشرے میں خوشحالی آتی ہے، برطانیہ میں وزیراعظم بھی قانون توڑنے کی جرآت نہیں کر سکتا، برطانوی وزیر اعظم کو کورونا کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر ہٹا دیا گیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ جن لوگوں نے خود کو بدلا وہ بہت آگے نکل چکے ہیں، ترقی کیلئے خوف کے بت کو توڑنا بہت ضروری ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ تاریخ میں پہلی بار ریاست مدینہ ایک فلاحی ریاست بنی جہاں ریاست نے اپنی عوام کی ذمہ داری لی اور انسانیت کا نظام قائم ہوا، بدقسمتی سے آج ان اصولوں پر غیر مسلم ممالک عمل پیرا ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرا ایمان ہے جب تک ہم نبی کریمﷺ کے بتائے راستے پر عمل نہیں کرتے ہمیں عزت نہیں ملے گی۔ عزت اللہ کی ذات دیتی ہے، سیاست میں آیا تو مخالفین نے میری عزت کم کرنے کیلئے ہر گری ہوئی حرکت کی مگر جو عزت مجھے پچھلے 6 ماہ میں ملی زندگی بھر نہیں ملی۔