فیصل آباد (یو این پی)فیصل آباد ڈویژن سمیت پنجاب بھر میں 12ارب 54کروڑ روپے کی لاگت سے گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے قومی منصوبے کا آغازکردیا گیاہے، منصوبے کیلئے سبسڈی کی فراہمی کی غرض سے گندم کی منظور شدہ اقسام کا بھی اعلان کیا گیا ہے جن میں اکبر 19،اناج 17،اجالا 16،مرکز 19،فخر بھکر،غازی 19،بور لاگ 16،پاکستان 13،زنکول 16، گولڈ 16،بھکر سٹار،فتح جنگ16،احسان 16،بارانی 17اور جوہر 16شامل ہیں جن کی کاشت کیلئے کاشتکارگندم کی منتخب اقسام کے تصدیق شدہ بیج پر1200روپے فی50کلو گرام بیگ سبسڈی بذریعہ ووچرز حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔نظامت زرعی اطلاعات فیصل آباد کے مطابق اس منصوبے کے تحت ایک کاشتکار منتخب اقسام کے 5تھیلوں تک سبسڈی حاصل کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پیکیج کے تحت سبسڈی کیلئے گندم کی منظور شدہ اقسام کی پنجاب سیڈ کارپوریشن، جالندھر پرائیویٹ لمیٹڈ،بابا فرید سیڈ کارپوریشن،حکیم سیڈ لمیٹڈ،گرین فورٹ سیڈ کارپوریشن،جھنگ سیڈ کارپوریشن،اوکاڑہ سیڈ کارپوریشن،پاک کرشمہ ایگری سیڈزکارپوریشن،معارج ایگرو سیڈز کارپوریشن،چشمہ سیڈ اینڈ ایگرو سروس کارپوریشن،انگڑا سیڈ کمپنی پر ائیویٹ لمیٹڈ کے ڈیلرز سے سیڈز کی فراہمی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ رجسٹرڈ کاشتکار سبسڈی حاصل کرنے کیلئے اپنے موبائل پر ووچر نمبرز سپیس قومی شناختی کارڈ نمبر لکھ کر 8070پر ایس ایم ایس کریں، غیر رجسٹرڈ کاشتکار متعلقہ تحصیل سے رجسٹریشن کروا کر کسان کارڈ کیلئے اپلائی اور فوراً سبسڈی کی رقم حاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مزید معلومات و رہنمائی کیلئے سوموار سے جمعہ تک فری زرعی ہیلپ لائن 0800-17000پر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے۔