کراچی: (یواین پی) این اے 237 ملیر میں ضمنی الیکشن کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کو شکست دینے والے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما عبدالحکیم بلوچ نے سابق وزیراعظم کو دوبارہ الیکشن لڑنے کا چیلنج دیدیا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز این اے 237 کراچی کے الیکشن میں پیپلز پارٹی کے امیدوار عبد الحکیم بلوچ نے تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کو ہرا دیا تھا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار نے 32567 جبکہ پی ٹی آئی چیئر مین نے 22493 ووٹ حاصل کیے۔ پریس کانفرنس کے دوران سابق وزیراعظم نے کراچی کے اس حلقے پر دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے الیکشن کمیشن سے دوبارہ الیکشن کروانے کا مطالبہ کیا۔اس مطالبہ کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے نو منتخب رکن قومی اسمبلی عبدالحکیم بلوچ نے دوبارہ چیلنج قبول کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو دوبارہ الیکشن کا شوق ہے تو میں دوبارہ شکست دینے کو تیار ہوں۔ میں نے پی ٹی آئی کے چیئرمین کو شکست دی ہے، دوبارہ شکست دینے کو بھی تیار ہوں۔