لاہور(یواین پی)وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کا کریڈٹ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو جاتا ہے – جنرل قمر جاوید باجوہ کی ذاتی دلچسپی اور تسلسل کے ساتھ کاوشوں کے باعث فیٹف میں دیئے گئے تمام اہداف وقت سے پہلے مکمل کئے گئے -پاکستان نے بین الاقوامی رسک بیسڈ سٹرٹیجی کی پاسداری کی روایت برقرار رکھی اور پاکستان نے تمام نکات پر عملدرآمد کر کے ایک ذمہ دار ریاست کا ثبوت دیا-وزیراعلی چودھری پرویز الٰہی نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس شاندار قومی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا -سپہ سالارجنرل قمر جاوید باجوہ نے قومی اداروں کے ساتھ مل کر تمام نکات پر عملدرآمد یقینی بنایا- انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی کوشش تھی کہ پاکستان کو ہر حال میں بلیک لسٹ کر دیا جائے لیکن پاک فوج نے اس سازش کو ناکام بنایا-قوم اس شاندار کامیابی پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتی ہے – جنرل قمر جاوید باجوہ نے وہ کام کیا جو پاکستان اور پاکستانی قوم کبھی فراموش نہیں کر سکتی اور قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے – وزیراعلی نے کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی کاوشوں سے تمام پوائنٹس پر عملدرآمد کو یقینی بنایا گیا اور پاکستان کو گرے لسٹ سے وائٹ لسٹ میں لے کر آئے- جنرل قمر جاوید باجوہ کے احکامات پر جی ایچ کیو میں سپیشل سیل قائم کیا گیا- سیل نے مختلف محکموں، وزارتوں اور ایجنسیوں کے درمیان کوآرڈینیشن میکنزم بنایا-ہر پوائنٹ پر ایک مکمل ایکشن پلان بنایا اور اس پر تمام محکموں، وزارتوں اور ایجنسیوں سے عملدرآمد بھی کروایا-اس سیل نے دن رات کام کر کے منی لانڈرنگ، ٹیررفائننسنگ، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ پر ایک موثر لائحہ عمل سے قابو پایا گیا جس کی وجہ سے فیٹف میں کامیابی حاصل ہوئی-منی لانڈرنگ کے سد باب کے لئے 7 میں سے 7 پوائنٹس پر عملدرآمد ہوا جو کہ فیٹف کی تاریخ میں بے مثال پیش رفت ہے-پاکستا ن نے فیٹف کے خدشات کودور کرنے کے لئے ایک جامع حکمت عملی اور ایک تفصیلی روڈ میپ تیار کیا-بلا شبہ اس شاندار کامیابی پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے –