فیصل آباد میں 7 روزہ انسدادپولیو مہم کا افتتاح کردیا گیا

Published on October 24, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 61)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)فیصل آباد میں 7 روزہ انسدادپولیو مہم کا افتتاح کردیا گیا۔ڈپٹی کمشنرعمران حامد شیخ نے سبزمنڈی سدھار کے قریب بھٹہ خشت پر بچوں کو قطرے پلاکر 24۔ اکتوبر سے شروع ہونے والی مہم کا افتتاح کیا۔مہم 30۔اکتوبر تک جاری رہے گی جس میں پانچ سال تک کی عمر کے تقریبا14 لاکھ 80 ہزار سے زائدبچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے جس کے لئے مجموعی طور پر 4869 ٹیمیں خدمات انجام دیں گی۔سی ای اوڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹرکاشف کمبوہ،ہیلتھ اتھارٹی کے دیگر افسران اور بھٹہ مالک وسول سوسائٹی کے افراد بھی موجودتھے۔ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ پولیو کا خاتمہ اولین ترجیح ہے،والدین ذمہ داری کا ثبوت دے کر تعاون جاری رکھیں اورپانچ سال تک کی عمر کے بچوں کوپولیوکے قطرے پلوائیں تاکہ ملک کو صحت مند مستقبل دیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ پولیو سے بچاؤ کے دوقطرے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچاؤ کا باعث ہیں۔انہوں نے کہا کہ مائیکرو پلان پر ذمہ داری سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے جس میں معمولی سی بھی غفلت کے متحمل نہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہا کہ مہم سات روز پر محیط ہوگی۔انہوں نے گھر گھر جانے والی پولیو ٹیموں سے تعاون پر بھی زور دیا اور کہا کہ مہمان بچوں کو بھی کور کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ مہم کی دوہری مانیٹرنگ ہوگی اور سوفیصد اہداف کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کو مہم کی کامیابی کے لئے دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی تاکید کی۔ ڈپٹی کمشنر نے انسداد پولیو مہم کے افتتاح کے موقع پر بھٹہ خشت سے ملحقہ آبادی میں قیام پذیر بچوں کو اپنے پاس بلالیااور ان میں گھل مل گئے۔انہوں نے بچوں کے ساتھ زمین پر بیٹھ کریادگار تصویر بنوائی اوربچوں سے سکول جانے کے بارے میں دریافت کیا۔انہوں نے کہا کہ بچوں کی پڑھائی کے لئے انتظامات کئے جائیں گے اس ضمن میں والدین بھی تعاون کریں۔سی ای او ہیلتھ نے بتایا کہ مہم کے تمام تر انتظامات مکمل ہیں۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Free WordPress Themes