فیصل آباد (یو این پی)امسال صوبہ پنجاب کیلئے گندم کی 2کروڑ 20لاکھ میٹرک ٹن پیداوار کے حصول کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیںجس سے ملکی فوڈ سیکیورٹی یقینی بنائی جا سکے گی۔ صوبہ پنجاب میں گندم کی اوسط پیداوار31من سے بڑھا کر 40من فی ایکڑتک لیجانے کیلئے کاشتکار گندم کی کاشت20نومبر تک زیادہ سے زیادہ رقبہ پر مکمل کریں ان خیالات کا اظہارڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع و اڈپٹیو ریسرچ)، پنجاب نے محکمہ زراعت پنجاب اور نجی کھادکمپنی کے باہمی تعاون سے کاشتکاروں کی آگاہی کے لئے زیادہ گندم اگا¶ مہم کے سلسلہ میں ضلع فیصل آباد میں منعقدہ کسان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ گندم کو منافع بخش بنانے کیلئے بوائی سے قبل ہی اس کی امدادی قیمت بڑھاکر0 300روپے فی من سے زائد مقررکر دی ہے تاکہ کاشتکارگندم کو ایک منافع بخش فصل کے طور پر زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کاشت کریں۔ انہوں نے کاشتکاروں پر زور دیاکہ فیصل آباد ڈویژن میں گندم کی زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کاشت ایک قومی فریضہ کے طور پر کریں۔ ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع نے کہا کہ شعبہ زرعی توسیع کے کارکنان زرعی یونیورسٹیوں کے طلباءو طالبات کی معاونت سے فیلڈمیں ہر ممکن طریقہ سے کاشتکاروں کی مدد اور رہنمائی کررہے ہیں۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ڈین فیکلٹی آف ایگری کلچر و سائنسز،ڈاکٹر محمد یسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ کسانوں میں تحریک اورترغیب کے ذریعے زیادہ سے زیادہ رقبہ پر گندم کی بروقت کاشت کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ گندم کی اضافی پیداوار سے ملک میں فوڈ سیکیورٹی کی صورتحال کو اطمینان بخش بنایا جا سکے۔ڈائریکٹر زراعت (توسیع)، فیصل آباد ڈویژن، چوہدری عبدالحمید نے کہا کہ گندم کے کاشتکاروں کومنظور شدہ اقسام کے بیج،جڑی بوٹی مار زہروں اور جدید مشینری پر سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کر کے ملکی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ اس موقع پرڈائریکٹر زرعی تحقیقاتی ادارہ گندم، فیصل آباد، ڈاکٹر جاوید احمد نے کاشتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے حکومت پنجاب نے گندم کی 15نئی اقسام کے 90لاکھ تھیلوں کی کاشتکاروں تک فراہمی کو یقینی بنایا ہے۔کاشتکاروں کی فی ایکڑ پیداواری لاگت میں کمی کیلئے 00 12 روپے فی تھیلا خصو صی سبسڈی فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کاشتکاروں پر زور دیا کہ وہ فیڈرل سیڈ سرٹیفیکشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری کردہ نیلے رنگ کے ٹیگ والے بیج کے تھیلے خرید کر کاشت کریں۔ اس موقع پرنجی کمپنی کے زرعی ماہر،ڈاکٹر سعید اقبال نے گندم کی فصل میں کھادوں کے متوازن استعمال پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کاشتکاروں کو سفارش کی کہ وہ گندم کی فصل میں فاسفورسی اورنائٹروجنی کھادوں کے توازن کا خاص خیال رکھیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ امسال گندم کی پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ کے تحت کاشتکاروں کو منظور شدہ اقسام کا بیج، جڑی بوٹی مار زہریں اور جدید زرعی مشینری کی دستیابی پر سبسڈی پر فراہم کی جارہی ہے تاکہ گندم کے پیداواری ہدف کو یقینی بنایا جا سکے۔کسان کنونشن میں محکمہ زراعت پنجاب کے افسران اور کسانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔