ممبئی(یو این پی) بالی ووڈ کی مشہور کامیڈی فلم ’ہیرا پھیری‘ کے تیسرے حصے میں مداحوں کے پسندیدہ کردار کی واپسی نہیں ہوگی۔سپر اسٹار اکشے کمار نے ’ہیرا پھیری 3‘ میں کام کرنے سے انکار کردیا ہے جس کے بعد اداکار کارتک آریان ان کی جگہ کردار ادا کریں گے۔’ہیرا پھیری‘ کے ساتھ اکشے کمار نے ’ویلکم‘ اور ’آوارہ پاگل دیوانہ‘ کے سیکوئلز پر بھی کام کرنے سے انکار کیا ہے۔سینئر اداکار پریش راول نے ٹوئٹر پر اس بات کی تصدیق کی کہ کارتک آریان ہیرا پھیری 3 میں کام کریں گے۔ٹوئٹر پر ایک صارف نے پریش راول سے پوچھا تھا کہ کیا یہ بات درست ہے کہ کارتک آریان ہیرا پھیری 3 میں کام کررہے ہیں، جس پر اداکار نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہاں یہ سچ ہے۔اکشے کمار کی ایک اور مشہور فلم ’بھول بھلیاں‘ کے دوسرے حصے میں بھی مرکزی کردار کارتک آریان نے ادا کیا تھا۔اداکار اور پروڈیوسر فیروز ناڈیاڈوالا کے درمیان ہیرا پھیری 3، ویلکم اور آوارہ پاگل دیوانہ کے نئے حصے بنانے کے لیے مذاکرات ہورہے تھے جو کامیاب نہیں ہوسکے۔رپورٹس کے مطابق اکشے کمار کو ان فلموں کے اسکرپٹ کے معیار پر اعتراض تھا البتہ پریش راول اور سنیل شیٹی ’ہیرا پھیری 3‘ میں اپنے کرداروں کو دوبارہ ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔واضح رہے کہ بالی وڈ کی مقبول ترین فلم ‘ہیرا پھیری’ کو 2000 میں ریلیز کیا گیا تھا جس کی کامیابی کے بعد اس کا سیکوئل ‘پھر ہیرا پھیری’ 2006 میں ریلیز ہوا، دونوں میں اکشے کمار، پریش راول اور سنیل شیٹی نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔