کراچی(یواین پی) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے پورٹ قاسم پر 3ہزار کے قریب کنٹینر کلیئرنس نہ ملنے کے باعث پھنس گئے، 600سے زائد کنٹینرز میں موجود سامان ایکسپائر ہوگیا جبکہ محصولات کا بھی نقصان ہو رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق پورٹ قاسم کراچی پر 2 ہزار 860کنٹینر کلیئرنس کے منتظر ہیں،پورٹ پر موجود 640کنٹینرز کا سامان ایکسپائر ہوگیا ہے، ان کنٹینرز میں فوڈ آئٹمز اور کاسمیٹکس کا سامان موجود تھا، دیگر کنٹینرز میں گاڑیاں، موبائل فونز، ہوم اپلائنسز اور فرنیچر موجود ہے۔ذرائع کے مطابق کہ کنٹینر امپورٹ پالیسی آرڈر اور مس ڈکلیئریشن کے باعث رکے ہوئے ہیں۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)کے چیئرمین عاصم احمد نے کہا ہے کہ کنٹینرز رکنے سے محصولات کا نقصان بھی ہوا ہے، 23ونٹیج گاڑیاں امپورٹ پالیسی آرڈر کی خلاف ورزی کے باعث کھڑی ہیں۔