دہلی (یو این پی)بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کا کہنا ہے کہ وہ اگلے ڈیڑھ برس تک کسی فلم میں اداکاری یا پروڈکشن نہیں کریں گے بلکہ بریک لیں گے۔یاد رہے کہ یہ ان کے تین دہائیوں سے زیادہ طویل کیریئر کے دوران پہلی بار ہوگا کہ وہ کام سے بریک لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حال ہی میں جاری ہونے والی ایک ویڈیو میں کیا، یہ دہلی میں منعقدہ ایک تقریب کے موقع پر بنائی گئی تھی، جس میں وہ ایک بالکل شاذ و نادر اور نئے حلیے میں نظر آئے، یعنی ان کے بال گرے رنگ اور شیو بھی بڑھی ہوئی تھی۔ اس موقع پر بالی ووڈ کے سپر اسٹار کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے طویل کیریئر کے دوران کبھی بھی وقفہ نہیں لیا جو غلط تھا۔ان کا کہنا تھا کہ والدہ، بچوں اور خاندان کو بھی وقت دنیا ضروری ہے۔ یاد رہے کہ عامر خان کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم لال سنگھ چڈھا باکس آفس پر ناکام رہی، تاہم نیٹ فلیکس پر فلم نے کافی اچھا رسپانس دیا۔