اسلام آباد (یواین پی) فرح خان کے شوہر احسن جمیل گجر کی عمر فاروق کے دعوے کی تردید۔فرح یا میں عمرفاروق کو نہیں جانتے اورعمران خان کے ساتھ ہمارے لین دین والے تعلقات نہیں ، احسن جمیل گجر کی گفتگو۔تفصیلات کے مطابق فرح گوگی کے شوہر احسن جمیل گجر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’فرح یا میں شہزاد اکبر کو نہیں جانتے اور نہ ہی عمر فاروق کو جانتے ہیں‘۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ ہمارے لین دین والے تعلقات نہیں اور نہ ہی انہوں نے کبھی کوئی تحفہ مجھے یا فرح کو دیا۔احسن جمیل گجر نے کہا کہ ’دبئی میں جیولرز کی دکانوں پر سی سی ٹی وی کیمرے لگے ہوئے ہیں، وہ دعوے کے ساتھ فوٹیج بھی نکال کر لے آئیں، اتنی بڑی ڈیل کرنے والے شخص نے اپنے دفتر میں تو کیمرے لگائے ہی ہوں گے‘۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ کہانی من گھڑت اور بے بنیاد ہے، جس ملک میں رانا ثنا اللہ جیسا وزیر داخلہ ہو وہاں پر کیسز کا اللہ ہی حافظ ہے، حکومت ہمارے ساتھ اہل و عیال، عزیز و اقارب کی تضحیک کررہی ہے‘۔واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے توشہ خانہ کے تحائف خریدنے والا شخص سامنے آگیا ہے۔ تحائف خریدنے کا دعویٰ کرنے والے شخص کا نام عمر فاروق ہے۔ جس نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ 2019 میں عمران خان کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے رابطہ کیا، جس کے بعد عمران خان کی اہلیہ، بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح خان تحفے لے کر دبئی ان کے دفتر آئیں، ان کی ڈیمانڈ پچاس لاکھ ڈالرز تھی، تاہم انہوں نے سارے تحفے 20 لاکھ ڈالرز میں خرید لیے اور فرح گوگی کو رقم کیش میں ادا کی۔