ملکی معاشی ترقی اور خوشحالی تاجروں صنعتکاروں اور کاروباری شعبہ ہائے زندگی کے سازگار حالات سے ہی ممکن ہے
لاہور(یواین پی)یوکے میں ضلع نارووال سے تعلق رکھنے والے، پاکستان کی پہچان، پاکستانی نژاد برطانوی شہری محمد طارق چوہدری نہ صرف یوکے میں بلکہ پاکستان میں بھی فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والی شخصیات میں شامل ہیں، دنیا نیوز نے ان پر تقریبا 20 منٹ کی ڈاکومنٹری چلائی، برطانوی اخبارات جن میں ڈیلی ٹیلیگراف بھی شامل ہے، نے نمایاں کوریج دی، بی بی سی نے خصوصی انٹرویو کیا،برطانوی پارلیمنٹ نے سراہا۔برطانوی رکن پارلیمنٹ پال برسٹو نے اس کے ریسٹورنٹ پر آ کر تعریفی سند دی۔ یہاں تک کہ ملکہ برطانیہ نے کورونا وبا کے دوران نمایاں خدمات سرانجام دینے والے جن تقریبا 29 افراد کو خصوصی دعوت پر اپنے محل میں مدعو کیا، ان میں بھی محمد طارق چوہدری شامل تھے۔سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے بھی خصوصی طور پر مدعو کر کے ان کی خدمات کو سراہا۔پاکستانی میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت ملکی حالات ٹکراو¿، الزامات اور افراتفری کی سیاست کے متحمل نہیں ہیں۔ ملک میں سیاسی استحکام ناگزیر ہے۔ میثاق معیشت بناکر قوم میں اتحاد و اتفاق کے حالات پیدا کئے جائیں۔ حکومت ایسی معاشی پالیسی لے کر آئے جو پائیدار اور طویل المدتی ہو۔ ایسی معاشی پالیسی لائی جائے جس پر حکومتوں کی تبدیلی اثر انداز نہ ہوسکے۔ ملکی معاشی اہداف حاصل کرنے کیلئے مستحکم حالات پیدا کئے جائیں۔ ملکی معاشی ترقی اور خوشحالی تاجروں صنعتکاروں اور کاروباری شعبہ ہائے زندگی کے سازگار حالات سے ہی ممکن ہے۔ کاروباری سرگرمیوں میں نفع بخش اعشاریوں کیلئے روپے کی قدر کو مضبوط بنایا جائے۔ قوم کو معاشی بحرانوں سے نکالنے کیلئے صنعت و تجارت پر بھاری بھرکم ڈیوٹیز میں کمی کی جائے۔