نارووال(یواین پی)وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہے اللہ کے فضل سے ان کا مستقبل بھی روشن ہے ان نوجوانوں کو کھیلوں میں بھرپور مواقع ملیں تو یہ پاکستان کوروشن کر سکتے ہیں لہذا چیمپیئن بننے کے لئے منشیات اور سگریٹ جیسی لعنت کو ترک کرنا ہوگا باہمی اختلاف اور لڑائی جھگروں سے دور رہنا ہوگا محنت پر یقین رکھیں کامیابی قدم چومے گی مشق اور تربیت ضروری ہے آج نوجوانوں کی محنت سے انہیں یہ مقام حاصل ہوا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرنیشنل فیڈریشن باڈی بلڈنگ اور ڈسٹرکٹ باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن نارووال کے زیر اہتمام جمنیزیم ہال میں مسٹر سٹی نارووال کے مقابلہ تن سازی کے دوران مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا ہم نے نارووال سپورٹس سٹی کا منصوبہ بنایا مگر پچھلی حکومت نے اسے تباہ کردیا آئندہ چار ماہ بعد یہ منصوبہ دوبارہ شروع کر رہے ہیں فٹبال ہاکی۔ اتھلیٹکس۔کبڈی۔اسکواش و دیگر 14 کھیلوں کے عالمی معیار کی تربیت دستیاب ہوگی اور یہ دنیا کے لئے بہترین تربیت گاہ ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا ڈسٹرکٹ باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن نارووال کا کردار قابل ستائش ہے ایسوسی ایشن کے صدر طاہر بٹ اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔احسن اقبال نے مسٹر سٹی نارووال کا مقابلہ جیتنے والے شاکر علی کو 50000 ہزار نقدی انعام دیا۔