چھوٹے کاشتکاروں کوگندم کی نئی اقسام کا معیاری بیج وجدید پیداواری ٹیکنالوجی پیکیج فراہم کرنے کی ہدایت

Published on November 22, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 231)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)چھوٹے کاشتکاروں کو ایکسپورٹ کوالٹی کی حامل گندم کی نئی اقسام بالخصوص اکبر 2019، دلکش،سبحانی اور عروج 2022 کا معیاری بیج اورجدید پیداواری ٹیکنالوجی پیکیج کی فراہمی بارے محکمہ زراعت کے تما م شعبوں کو مل کر کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری زراعت(ایڈمن)پنجاب اعجاز منیرنے ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے مختلف شعبوں کے فیلڈ ایریازکےدورہ کے دوران کہا کہ پاکستانی زرعی سائنسدان کاشتکاروں اور باغبانوں کے ساتھ مل کر اعلیٰ کوالٹی کے حامل پھلوں، سبزیوں اور خشک چاروں کی پیداوار میں اضافہ کو یقینی بنانے سمیت بین الاقوامی تقاضوں کے مطابق پھلوں کی درجہ بندی وپیکنگ متعارف کروا ئیں نیز نرسریوں کی رجسٹریشن اور بیماریوں سے پاک پودوں کی فراہمی کے عمل کو مزید تیز کرتے ہوئے بائیو ٹیکنالوجیکل لیب میں کھجور،پپیتا،چائے، ادرک،آلو اور کماد کی جدید پیداواری صلاحیت کی حامل نئی اقسام کی تیاری پر توجہ مرکوز کریں۔انہوں نے کہا کہ زرعی سائنسدان ہائی ڈینسٹی باغات لگانے کیلئے باغبانوں کی فنی رہنمائی و عملی تربیت کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔بعدازاں فیصل آباد ڈویژن کے زرعی ماہرین کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے زرعی سائنسدانوں اور ماہرین و افسران سے کہا کہ جانوروں سے زیادہ دودھ اور گوشت کی پیداوار کے حصول کیلئے ملکی و غیرملکی چارہ کے تحقیقی عمل میں جدت وقت کی اہم ضرورت ہے،اس مقصد کیلئے سب سٹیشن چارہ جات فیصل آباد کو اپ گریڈ کر کے سٹیشن کا درجہ دیا جا رہا ہے جس سے مویشی پال حضرات کو چارہ جات کے معیاری بیج کی بروقت فراہمی میں بہتری آئے گی۔شعبہ اثمار کی نرسری کے فیلڈ وزٹ کے موقع پرایڈیشنل سیکرٹری زراعت(ایڈمن) پنجاب نے پپیتاکی قسم ریڈ لیڈی کے پودوں کی تیاری کے عمل کو سراہا اور انکے زیادہ سے زیادہ پودوں کی دستیابی کیلئے عملی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر زرعی سائنسدانوں ملک محسن اور معاذ عزیز شعبہ اثمارفیصل آباد نے نرسریوں کے انتظامی امور سے متعلق تحقیقی کام اور شعبہ باغبانی کے جدید کاشتی امور و دیکھ بھال، برداشت اور مارکیٹنگ میں بہتری کیلئے تربیت یافتہ افرادی قوت کی تربیت کیلئے ادارہ کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔ڈاکٹر جاوید احمد نے گندم لیبارٹری کے معائنہ کے موقع پر لیبارٹری میں جاری تحقیقی کام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔بعدازاں ڈاکٹر ساجد الرحمن شعبہ بائیو ٹیکنالوجی نے لیب سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹشو کلچر کے ذریعے ہائی ویلیو کراپس کے پودوں کی افزائش میں تبدیلی لانے کیلئے ٹرانس جینک ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جارہا ہے جبکہ جنیاتی انجینئرنگ کے ذریعے پودوں میں مثبت تبدیلیاں لانے اور بیماریوں سے پاک فصلوں کے بیجوں کی پیداوار میں اضافہ کیلئے بھی زرعی سائنسدان مصروف عمل ہیں۔قبل ازیں ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (ایڈمن)پنجاب نے انٹومالوجی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اور سائل فرٹیلیٹی سرٹیفائیڈ لیبارٹریز کا بھی معائنہ کیا۔انہوں نے گندم، کپاس، چارہ جات، سبزیوں،باغات اور کماد کے فیلڈ ایریاز کا وزٹ کیا اور جاری تجربات کا معائنہ کیا۔انہوں نے زرعی تحقیق کے کام پر اطمینان کا اظہار کیااور زرعی سائنسدانوں کے تحقیقی کا م کو سراہا اور موقع پر اہم امور بارے ہدایت بھی دیں۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

WordPress Blog