فیصل آباد (یو این پی)سرما کے آغاز پر مسلسل خشک سردی کے باعث بچوں اور بوڑھے کھانسی، نزلہ، بخار، سانس کی تنگی، آنکھوں اوردیگر مختلف موسمی بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی و الائیڈ ہسپتال کے طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش نہ ہونے کے باعث تمام عمر کے افراد میں گلے کی خرابی، کھانسی، نزلہ، بخار اور وائرل انفیکشن کے امراض میں اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ سردی سے بچنے کیلئے گرم کپڑوں کا مناسب استعمال اشد ضروری ہے خاص کر موٹر سائیکل چلاتے ہوئے سر اور گردن کو ضرور ڈھانپنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ٹھنڈی، تلی ہوئی یا کھٹی بازاری اشیا کھانے سے گلا خراب ہو سکتا ہے جو بعد میں کھانسی، نزلہ اور بخار کا باعث بھی بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلا خراب ہو نے کی صورت میں فوری طورپر نیم گرم پانی میں نمک ڈال کر غرارے کرنااور سٹیم لینا مفید ہے تاہم بخار کی صورت میں فوری قریبی ڈاکٹر سے رجوع کیا جا ئے تاکہ بعد میں کوئی پیچیدگی پیدا نہ ہو سکے۔