ایبٹ آباد(صیام سعید سے)وزیرستان آپریشن میں فوجی آپریشن اور بمباری کیخلاف وزیرستانی طلباء کا شاہراہ ریشم پر احتجاجی مظاہرہ۔ فوری طور پر آپریشن بند کرنے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز ایوب میڈیکل کالج اور کامسیٹس میں زیر تعلیم وزیرستان سے تعلق رکھنے والے درجنوں طلباء نے وزیرستان پر بمباری اور فوجی آپریشن کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی۔ یہ ریلی کامسیٹس سے شروع ہو کر میزائل چوک تک آئی۔ میزائل چوک میں گل بدین اورایمل خان نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایف سولہ طیاروں کی بمباری میں چھوٹے چھوٹے بچے اور عام لوگ مارے گئے ہیں۔ مساجد پر بھی بمباری کی جا رہی ہے۔ اس غیر اعلانیہ آپریشن میں وہ لوگ مارے جا رہے ہیں جو پاکستان کے لئے قربانیاں دیتے چلے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر وزیرستان میں فوجی آپریشن اوربمباری بند کی جائے۔ اس آپریشن میں زخمی ہونیوالے افراد کو اسلام آباد اور پشاور کے ہسپتالوں میں منتقل کیا جائے۔ اپنے ہی شہریوں پر بمباری نہ کی جائے۔ ہم آپریشن کیخلاف نہیں۔ لیکن حکومت کو چاہئے کہ باقاعدہ اعلان کرکے آپریشن شروع کرے۔ تاکہ مقامی لوگ نقل مکانی کر سکیں۔ جس طرح سوات میں حکومت نے پہلے اعلان کیا تھا۔ طلباء نے مطالبہ کیا کہ آپریشن کے دوران جن طلباء کے پرچے رہ گئے ہیں۔ ان کے امتحان دوبارہ لئے جائیں۔اور وزیرستان کے غیور لوگوں کو پاکستانی سمجھا جائے۔