امن و امان بنیادی طور پر صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے، پرویز رشید

Published on May 24, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 449)      No Comments

1
اسلام آباد ۔۔۔وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ امن و امان بنیادی طور پر صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے، وزیراعظم نے کراچی کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر کراچی میں کابینہ کا اجلاس بلا کر حکومت سندھ کو تعاون کی پیشکش کی۔ جمعہ کو یہاں جاری ایک بیان میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے گزشتہ سال کراچی کی تشویشناک صورتحال دیکھتے ہوئے خود اقدام اٹھایا اور وہاں وفاقی کابینہ کا اجلاس بلا کر حکومت سندھ کو تمام تر تعاون کی پیشکش کی۔ یہ کہا گیا کہ صوبائی حکومت ہی اس آپریشن کی قیادت کرے گی اور وزیراعلیٰ سندھ ہی ٹیم کے کپتان ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 11ماہ کے دوران وزیرِاعظم نے کم از کم 10 مرتبہ کراچی جاری آپریشن کا جائزہ لیا اور وفاقی حکومت کی جانب سے مکمل حمایت کی۔ رینجرز صوبائی حکومت کی صوابدید پر رہی اور ڈی جی رینجرز سندھ خود آپریشن کی نگرانی کرتے رہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شاہد حیات ایک اچھے پولیس آفسر ہیں، ان کا انتخاب بھی حکومت سندھ نے کیا تھا اور تمام طبقات کی رائے تھی کہ پچھلے 11ماہ کے دوران انہوں نے قابل قدر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور انہیں ابھی اس عہدے پر رہنا چاہئے تھا تاکہ یہ کام اپنے منطقی انجام کو پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے ایک عدالتی حکم کو بنیاد بنا کر انہیں ہٹا دیا ہے حالانکہ ایسا نہیں ہونا چاہئے تھا۔ ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) کراچی کی پوسٹ گریڈ 20 یا 21 میں فلوٹنگ پوسٹ بھی ہو سکتی ہے۔ سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ حکومت سندھ نے اس سلسلے میں غیر ذمہ داری اور غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے اور وزیراعلیٰ سندھ کو اس فیصلے کا دوبارہ جائزہ لینا چاہئے تاہم انہوں نے کراچی کے عوام کو یقین دلایا کہ وفاقی حکومت اور وزیراعظم اس آپریشن کی نگرانی جاری رکھیں گے۔

Readers Comments (0)




Weboy

Free WordPress Themes