فیصل آباد (یو این پی)بریسٹ کینسر کے خاتمہ کیلئے معاشرتی اور خاندانی رویوں میں مثبت تبدیلی کی ضرورت ہے اور اس سلسلہ میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری اپنا کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا۔ یہ بات صدر ڈاکٹر خرم طارق نے آج جی سی وومن یونیورسٹی میں بریسٹ کینسر کے بارے میں ایک آگاہی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے بتایا کہ کینسر فیملی میں بریسٹ کینسر سب سے عام بیماری ہے جس سے اموات کی شرح بھی انتہائی تشویشناک ہے حالانکہ ابتدائی مرحلہ پر یہ قابل علاج مرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچیاں اپنی روایتی شرم کی وجہ سے اس بیماری کو چھپاتی ہیں اور اس کو صرف اس وقت ظاہر کرتے ہیں جب یہ بیماری آخری مرحلہ میں داخل ہو چکی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے تعلیمی اداروں کے اساتذہ پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ بچیوں کو نہ صرف بریسٹ کینسر کی ابتدائی علامات سے آگاہ کریں بلکہ ان کے اس سلسلہ میں رویے کو بھی تبدیل کریں۔انہوں نے کہا کہ طالبات کو حوصلہ اور اعتماد دینا چاہیے کہ وہ اس بیماری بارے فوری طور پر اپنے والدین کو آگاہ کر سکیں تاکہ اس بیماری پر اٹھنے والے بھاری اخراجات سے بچنے کے علاوہ اُن کی جان کو لاحق خطرات سے بھی بچا جا سکے۔ انہوں نے خواتین کے بنیادی انسانی حقوق، اِس کے ارتقائی مراحل، خواتین کی ایمپاورمنٹ، مالی آزادی اور خود مختاری پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ بریسٹ کینسر کا مرض پاکستان میں تیزی سے پھیل رہا ہے جس کی روک تھام کیلئے فوری اور جامع اقدامات کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری بریسٹ کینسر کی روک تھام کیلئے کام کرنے والی تنظیموں سے ہر ممکن تعاون کر رہا ہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ بریسٹ کینسر کی روک تھام کیلئے وفاقی، صوبائی اور مقامی طور پر پیدا ہونے والے مسائل کے حل کیلئے بھی اُن کی مدد کی جائے گی۔ اس موقع پر محترمہ فاطمہ طارق نے بھی خواتین کی ایمپاورمنٹ، آزادی اور خودمختاری پر سیر حاصل تبصرہ کیا اور کہا کہ یہ ہمارا اجتماعی سماجی مسئلہ ہے جس کیلئے تمام طبقوں کو مل کر عملی جدوجہد کرنا ہو گی۔
وومن یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر روبینہ فاروق نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ وہ اس مادرعلمی کو بریسٹ کینسر سے پاک کرنے کی ابتدا کر رہی ہے جبکہ آئندہ مرحلہ میں اس پروگرام کا دائرہ کار پورے شہر اور ملک تک بڑھایا جا سکے گا۔ آخر میں ڈاکٹر روبینہ نے ڈاکٹر خرم طارق کو یونیورسٹی کی اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔