بڑھتی ہوئی عالمی سازشوں اورطاغوتی طاقتوں کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں اسلام کے آفاقی پیغام پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے
لاہور(یواین پی) وائس چیئرمین محکمہ اوقاف کمیٹی ضلع لاہور حکومت پنجاب (پی ایف سی)، معروف شاعر، ادیب، کالم نگار، صحافی ، سماجی و روحانی شخصیت محمد زاہد صدیقی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت،اسرائیل سمیت عالمی طاغوتی طاقتوںکو ہمارا ایٹمی پروگرام بہت کھٹکتا ہے۔پاکستان اور مسلمانوں کے خلاف بڑھتی ہوئی عالمی سازشوں اورطاغوتی طاقتوں کا مقابلہ کرنے کیلئے ضروری ہے کہ ہم اسلام کے آفاقی پیغام پر عمل پیرا ہو کر زندگیاں بسر کرنے کا عہد کریں۔ انہوں نے کہاکہ دین اسلام کے عادلانہ نظام کے نفاذ سے ہی ہم پاکستان کے دفاع اور نظریات کا تحفظ یقینی بنا سکتے ہیں۔ اسلام بقائے باہمی کا دین ہے جو انسان تو دور کی بات سایہ دار درخت بھی بلاوجہ کاٹنے کی اجازت نہیں دیتا مگر یہود و ہنود اسلام کے اصل چہرے کو مسخ کرنے اور اس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خائف ہو کر اسے دہشت گردی سے جوڑنے کی مذموم کوششیں کررہے ہیں جس میں انشاءاللہ وہ ناکام ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ عالمی کفریہ طاقتیں عالم اسلام کیخلاف مختلف محاذوں پر سرگرم ہیںجسے ہم اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور اتحاد و اتفاق سے ضرور ناکام بنائیں گے۔