فیفا ورلڈ کپ کا فائنل (آج) لوسیل سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا

Published on December 18, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 148)      No Comments

دوحہ (یواین پی)دفاعی چیمپئن فرانس اور ارجنٹائن کے درمیان فیفا ورلڈ کپ کا فائنل آج(اتوار کو) لوسیل سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہو گا، سیمی فائنل مرحلے میں فرانس نے مراکش اور ارجنٹائن نے کروشیا کے خلاف کامیابی حاصل کر کے فائنل تک رسائی حاصل کی، فرنچ ٹیم ٹائٹل کا دفاع کر رہی ہے اور اسے دو مرتبہ فیفا ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔فرانس نے 1998 میں برازیل اور 2018 میں کروشیا کو ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، ارجنٹائن نے چھٹی بار فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ حاصل کی اور اسے دو بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل ہے۔ارجنٹائن نے پہلی بار 1930 میں ہونے والے عالمی کپ کا فائنل کھیلا جس میں اسے میزبان یوروگوئے کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، 1976 اور 1986 کے عالمی کپ کے فائنل میں ارجنٹائن نے بالترتیب نیدرلینڈز اور جرمنی کے خلاف کامیابی حاصل کی۔ارجنٹائن نے آخری بار 2014 ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ بنائی تاہم اسے جرمنی کے ہاتھوں 0-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، فیصلہ کن معرکہ میں ارجنٹائن کی ٹیم عظیم فٹبالر لیونل میسی کی زیر قیادت میدان میں اترے گی جبکہ فرانس کو ہوگو لوریس لیڈ کریں گے، دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔

Readers Comments (0)




Weboy

Premium WordPress Themes