ٹھٹھہ (یواین پی/ حمید چنڈ) وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد و ضلعی صدر پاکستان پیپلز پارٹی صادق علی میمن نے کہا ہے کہ ہم اپنے بہادر چیئرمن پاکستان پیپلز پارٹی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور بھارت کی دوگلی پالیسی کے خلاف جیسا کہ گجرات، کشمیر و دیگر علاقوں میں مسلمانوں کے خلاف دہشتگردی اور انہیں ٹارگیٹ بنانے کے متعلق جو دو ٹوک موقف رکھ کر دنیا کے سامنے جس طرح انہیں بے نقاب کیا ہے ان کے موقف کی بھرپور تائید کرتے ہیں جبکہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے دہشتگرد جس طرح انڈیا میں اقلیتوں کے خلاف ایکشن لے رہے ہیں ان کی پر زور مذمت بھی کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے بھارت میں ہونے والے مظاہروں اور ریلیوں میں نفرت پھیلانے پر بھارت کے خلاف پریس کلب ٹھٹھہ کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے قائد بلاول بھٹو زرداری نے گجرات کے قصائی نریندر مودی کا چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا، دنیا میں دہشت گردوں کی حمایت کرنے والے ملک بھارت کی انتہا پسند جماعت نے بلاول بھٹو زرداری کے خلاف احتجاج کرکے ثابت کر دیا کہ وہ دہشت گرد ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید ریاض حسین شاہ شیرازی، پیپلز پارٹی یوتھ کے صوبائی صدر نایاب لغاری، سابق ایم این اے ڈاکٹر عبد الواحد سومرو، سابق ایم پی اے غلام قادر پلیجو، امتیاز قریشی، عبدالحمید پنہور، جام احسان جوکھیو، سید محمود عالم شاہ بخاری، عبدالحمید سومرو، آفتاب عالم سومرو، جھانگیر پالاری، بھورو سرکی، نور حسن سرکی، امداد سرکی، ممتاز علی چنڈ، ممتاز علی جلبانی اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے نانا شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کشمیریوں کے ساتھ جس طرح یکجہتی کا مظاہرہ کیا اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی پر زور مذمت کرتا ہے اور کشمیر ہمارا حصہّ ہے ان کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری کے بعد بھارت کے مؤقف پر ردعمل بھارت کی شکست ہے اور وہ مایوس ہیں لیکن پاکستانی عوام اور کشمیریوں کے حوصلے آج بھی بلند و بالا ہیں، کسی دہشت گرد ملک کی دہشت گردی کو کبھی بھی برداشت نہیں کریں گے۔ اس موقع پر نریندر مودی کا پتلا جلاکر بھارت اور مودی کے خلاف سخت نعرے بازی بھی کی گئي۔