ایک ہزار سے زائد پولیس افسران و جوان ڈیوٹی پر تعینات۔
اوکاڑہ(یواین پی/شیخ ندیم شیراز) حکومت پنجاب اور انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب لاہور عامر ذوالفقار خان کی خصوصی ہدایات پر مسیحی برادری کی سیکورٹی کو بہتر بنایا جارہا ہے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن محمد فرقان بلا ل کی سربراہی میں اوکاڑہ پولیس کی جانب سے کرسمس 2022 کے موقع پر سیکورٹی پلان جاری کردیا گیا۔ضلع بھر میں58 چرچوں میں مسیحی برادری کے عبادتی پروگرام منعقد ہو رہے ہیں۔ جن پر ایک ہزار سے زائد مسلح افسران و جوان ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ جن میں ڈی ایس پیز، انسپکٹر، سب انسپکٹر، اسسٹنٹ سب انسپکٹر، ہیڈ کنسٹیبل، کنسٹیبل، لیڈی کنسٹیبل اور ٹیمیں ایلیٹ فورس ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ جن کی مانیٹرنگ کیلئے ڈی پی او آفس میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ایلیٹ فورس کی خصوصی ٹیمیں اور ڈولفن سکواڈ تمام چرچوں کے گردونواح میں گشت کناں رہیں گے۔تمام مسیحی عبادت گاہوں پر سی سی ٹی وی کیمرہ جات اور واک تھرو گیٹس نصب کیے گئے ہیں اور چرچوں میں داخل ہونے والے اشخاص کی بذریعہ میٹل ڈیٹیکٹر تلاشی لی جائے گی۔ٹریفک پولیس کو ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ٹاسک دیا گیا ہے۔ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس لائن اوکاڑہ میں 4 مکمل ریزرو باوردی مسلح حاضر رہیں گی۔