آٹا کنٹرول ریٹ سے مہنگا فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ
ٹھٹھہ (یواین پی/حمید چند): ڈپٹی کمشنر غضنفر علی قادری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ٹھٹھہ، مکلی، دھابیجی، گھارو، گھوڑاباری سمیت ضلع کے مختلف شہروں میں سرکاری نرخ پر سستے آٹے کے اسٹال لگا کر فراہمی شروع کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو دس کلو آٹے کا تھیلا 650 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے تاکہ اس مہنگائی کے دور میں عوام کو رلیف مل سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ فوڈ کنٹرول کی جانب سے پریس کلب ٹھٹھہ کے سامنے لگائے گئے سستے آٹے کے اسٹال پر لوگوں میں آٹے کی فراہمی کے افتتاح کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع کے تمام تحصلوں میں سستے آٹے کے اسٹال لگائے جائیں گے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ بازاروں اور مارکیٹوں میں کنٹرول ریٹ پر آٹے کی فراہمی کو یقینی بنیا جائے گا جبکہ آٹا مہنگا فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔