ایبٹ آباد(یو این پی)آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی مظفرآباد کے بورڈ آف ایڈوانس اسٹڈیزاینڈ ریسرچ کے 87ویں اجلاس میں ڈاکٹریٹ/ایم فل کے داخلہ جات،مجوزہ تحقیقی موضوعات، سپروائزر/سپروائزری کمیٹیوں کی تشکیل، پبلک ڈیفنس سے متعلقہ معاملات سمیت سمسٹر توسیع اور دیگر مختلف نوعیت کے تعلیمی پروگرامز/سرگرمیوں کی منظوری دی گئی۔بورڈ کا اعلیٰ سطحی اجلاس وائس چانسلر جامعہ کشمیر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی کی زیر صدارت بدھ کے روز کمیٹی روم سٹی کیمپس میں منعقد ہوا جس کا بنیادی مقصد جامعہ میں جاری اعلیٰ تعلیمی پروگرامز /سرگرمیوں (ڈاکٹریٹ/ایم فل)کے لیے بہتر حکمت عملی مرتب کرنے کے ساتھ ساتھ طلباء کو تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے رہنمائی فراہم کرنا تھا۔اجلاس میں ڈین سائنسز پروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ، ڈین فیکلٹی آف ہیلتھ اینڈ میڈیکل سائنسز ڈاکٹر بشیر الرحمان کنٹھ،ڈین سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر ہارون الرشید، ڈین انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر سعادت حنیف ڈار،رجسٹرارپروفیسر ڈاکٹر عائشہ سہیل،میریٹوریس پروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضی،میریٹوریس پروفیسرڈاکٹر ندیم حیدر بخاری،کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر شرجیل سعید، ڈائریکٹر ایڈوانس سٹیڈیز اینڈ ریسرچ پروفیسر ڈاکٹر محمد رفیق،ڈائریکٹر کیو ای سی پروفیسر ڈاکٹر ایاز عارف،ودیگر ممبران نے شرکت کی۔اجلاس میں جامعہ کشمیر کے مختلف شعبہ جات کے پی ایچ ڈی /ایم فل کی داخلہ جات/پی ایچ ڈی /ایم فل کے مجوزہ تحقیقی موضوعات کی منظوری،سمسٹر توسیع،سپروائزرز وسپروائزری کمیٹیوں کی منظوری،منسوخی داخلہ جات سمیت دیگر نوعیت کے کل 29ایجنڈا آئیٹمز کی حتمی منظوری دی گئی۔ بورڈ آف ایڈوانس اسٹڈیز اینڈ ریسرچ کے ممبران نے ہر ایجنڈا آئیٹم کا بغور جائزہ لینے کے بعد اس پر اپنی حتمی سفارشات دیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے کہا کہ جامعہ کشمیر میں تحقیقی سرگرمیوں کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور تحقیقی عمل کومقامی معاشرتی مسائل کے سدباب کے لیے استعمال کیا جائے گا۔رئیس جامعہ نے متعلقہ ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ تحقیقی سرگرمیوں کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ تحقیقی عمل کو معاشرے کی فلاح و بہبود اور زمینی حقائق سے ہم آہنگ کریں۔انہوں نے کہا کہ جامعات کا اصل مقصد طلباء میں تحقیقی شعور کو بیدار کرنا اور ملک و قوم کی خدمت کرنا ہے۔ڈاکٹر کلیم عباسی نے کہا کہ مختلف شعبہ جات میں بامقصد تحقیق کو فروغ دے کر سماجی ترقی کے مطلوبہ نتائج کو باآسانی حاصل کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ طلباء کو متعلقہ شعبہ جات میں سپروائزر کی بھرپور معاونت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تحقیق کے رحجان کو دیکھتے ہوئے بہترین تحقیقی موضوعات کا انتخاب کرنے میں بھی ہر ممکن مددفراہم کی جائے۔رئیس جامعہ نے سکالرز پر زور دیا کہ وہ اپنی تحقیق کے موضوعات کے انتخاب میں مقامی مسائل کو ترجیح اول رکھیں۔