فیصل آباد (یو این پی) فیصل آباد میں کمسن گھریلو ملازمہ پر تشدد اور جنسی ہراسانی کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے۔فیصل آباد کے علاقے بلال نگر میں 11 برس کی گھریلو ملازمہ کو مبینہ طورپر تشدد اور جنسی ہراسانی کا نشانہ بنایا گیا ہے ، پولیس کے مطابق بچی کی والدہ کی مدعیت میں گھر کے مالک، مالکن، بیٹی اور داماد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔بچی کی والدہ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ مالک کے داماد نے بچی کو متعدد بار جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا، والدہ نے بچی کو کتوں کا بچا ہوا کھانا دیے جانے کا بھی الزام عائد کیا۔درج ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ مالک کے داماد نے بچی کو متعدد بار جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا، تین روز قبل بیٹی کو مالکان کے گھر کے بیت الخلا سے بازیاب کرایا۔پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کا میڈیکل کرا لیا گیا، میڈیکل رپورٹ سامنے آنے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔