اسلام آباد (یواین پی) ملک میں سیمنٹ کی ریٹیل قیمت میں گزشتہ ہفتے کے دوران استحکام رہا،ملک کے شمالی علاقوں میں فی بوری سیمنٹ کی قیمت مستحکم رہی جبکہ جنوبی علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری کی قیمت میں ایک روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کی طرف سے جاری اعدادوشمار کے مطابق 5 جنوری کو ختم ہونے والے ہفتے میں ملک کے شمالی علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری کی اوسط قیمت 1030 روپے ریکارڈ کی گئی پیوستہ ہفتے میں بھی شمالی علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری کی اوسط قیمت 1030 روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔جنوبی علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری کی اوسط قیمت 1070 روپے ریکارڈ کی گئی جو پیوستہ ہفتے کے مقابلے میں ایک روپیہ زیادہ ہے، پیوستہ ہفتے میں ملک کے جنوبی علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری کی اوسط قیمت 1069 روپے ریکارڈکی گئی تھی۔اعدادوشمارکے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران اسلام آباد میں سیمنٹ کی فی بوری کی اوسط قیمت 1013 روپے، راولپنڈی 1012، گوجرانوالہ 1040، سیالکوٹ1040، لاہور1068، فیصل آباد1030، سرگودہا 1010، ملتان 1049، بہاولپور 1050،پشاور1020 اور بنوں میں 1000 روپے ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح کراچی میں سیمنٹ کی فی بوری کی اوسط قیمت 1027 روپے، حیدرآباد1060،سکھر1150،لاڑکانہ1050، کوئٹہ1085 اور خضدار میں 1050 روپے ریکارڈ کی گئی۔