تصاویر میں راکھی اور عادل خان کو پھولوں کی مالا جبکہ نکاح کی ویڈیو میں راکھی کو کلمہ پڑھ کر نکاح قبول کرتے دیکھا گیا
ممبئی(یواین پی)معروف بالی ووڈ رقاصہ اور ماڈل راکھی ساونت نے کہا ہے انہیں بھارت میں اسلام قبول کرنے کے حوالے سے کوئی مشکل پیش نہیں آئی۔حال ہی میں راکھی نے عادل خان سے شادی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو حیران کردیا تھا۔تصاویر میں راکھی اور عادل خان کو پھولوں کی مالا جبکہ نکاح کی ویڈیو میں راکھی کو کلمہ پڑھ کر نکاح قبول کرتے دیکھا گیا، بعد ازاں پہلے انکار اور پھر اقرار کے بعد بالآخر اب عادل خان کی جانب سے راکھی سے شادی کی تصدیق کردی گئی ہے۔راکھی اور عادل کے نکاح نامے پر اداکارہ کے نام کے ہمراہ فاطمہ لکھا ہے جس کے بعد راکھی نے بھی اپنا نام تبدیل کرنے سے متعلق خبریں سوشل میڈیا پر شیئر کیں جس سے ان خبروں کی صداقت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔دوسری جانب راکھی نے اب اسلام قبول کرنے کے حوالے سے بھارتی میڈیا سے گفتگو کی ہے جس دوران راکھی نے لو جہاد اینگل پر بات کرنے سے انکار کر دیا لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ یہ ہندوستان ہے یہاں کوئی طالبان نہیں، مجھے اسلام قبول کرنے میں کوئی مشکل پیش نہیں آئی کیوں کہ یہاں ہر چیز کی اجازت ہے۔