ٹھٹھہ(یواین پی/رپورٹ حمید چنڈ) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ریاض حسین لغاری نے اسسٹنٹ کمشنر شفیق احمد آریسر و دیگر افسران کے ہمراہ مکلی اور گرد و نواح کے علاقوں میں رہائش پذیر نہایت ہی غریب، بے سہارا اور بے گھر افراد میں سردی سے بچاؤ کے لئے کمبل، گرم کپڑے اور سوئیٹر تقسیم کئے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون نے کہا کہ غریب اور بے سہارا لوگوں کی مدد اور ان کی خدمت کرنا بھی اجر عظیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اصل مستحقین، کمزور اور بے سہارا لوگوں کی مدد کی جا رہی ہے، انسانیت کی خدمت کرنا ایک عظیم عبادت ہے۔ انہوں نے صاحب حیثیت اور مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ اپنے علاقوں کے ارد گرد رہنے والے غریب، مسکین، مستحق، بے سہارا اور بے گھر افراد کا خیال رکھتے ہوئے ان کی مدد کیلئے آگے آئیں اور اس شدید سردی کے دوران غریب اور بے سہارا لوگوں کی مدد کرنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت مندوں کی بروقت مدد کرنا ضلعی انتظامیہ کا خاص مقصد ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون نے کہا کہ غریب اور بے سہارا لوگوں کی نشاندہی کرکے انہیں کمبل، گرم کپڑے اور سوئیٹر فراہم کئے جا رہے ہیں تاکہ انہیں شدید سردی کی لہر سے بچاکر ان کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔