ٹھٹھہ(یواین پی/رپورٹ حمید چنڈ) ڈپٹی کمشنر غضنفر علی قادری کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر شفیق احمد آریسر نے تحصیل ٹھٹھہ میں موجود آٹا چکیوں، فلور ملز اور مختلف اسٹالز کا اچانک دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر کی جانب سے اوپن مارکیٹ میں چکی مالکان کے لیے 107 جبکہ فلور مل مالکان کیلئے 98 روپے فی کلو آٹے کے جاری کردہ نوٹیفکیشن پر عمل درآمد کے لیے اسسٹنٹ کمشنر شفیق احمد آریسر نے ٹیم کے ہمراہ نورانی، شاہ نجف، عثمانیہ و ديگر آٹا چکیوں اور فلور ملز سمیت مختلف اسٹالز پر اچانک چھاپے مارکر زائد قیمتوں اور منافع خوری کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے بیس ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے چکی مالکان کے لیے 105 جبکہ فلور مل مالکان کیلئے 98 روپے فی کلو آٹے کا نرخ مقرر کیا گیا ہے، زیادہ نرخ پر فروخت کرنے والوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا، تمام چکی مالکان اور فلور مل مالکان مقرر کردہ نرخوں پر آٹے کی فروخت یقینی بنائیں اور نرخنامے کی تختیاں نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں، زائد قیمت پر آٹا فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سستے آٹے کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے تاکہ اس مہنگائی کے دور میں عوام کو زیادہ سے زیادہ رلیف مل سکے۔