اسالام آباد(یواین پی) وفاقی وزیر برائے پورٹس اینڈ شپنگ سینیٹر کامران مائیکل نے کہا ہے کہ عمران خان جمہوریت کوکٹہرے میں کھڑا کرناچاہتے ہیں۔ عمران خان آئینی حکومت پراپناآمرانہ فیصلہ نہیں تھوپ سکتے،وہ مفروضوں پرسیاست کررہے ہیں۔ہماری حکومت نے نہ صرف پچھلی حکومت کا کشکول بلکہ سونامی کاغروربھی توڑدیا۔سونامی کی ناکامی اوربدنامی درحقیقت عمران خان کی ناقص کپتانی اورشیطانی کاشاخسانہ ہے ۔عمران خان کی ایک شہرسے دوسرے شہرآنیاں جانیاں کوئی اہمیت نہیں رکھتیں،وہ اپنے چندہزارکارکنوں کواستعمال اوران کااستحصال کررہے ہیں۔اپنے ایک بیان میں کامران مائیکل نے مزید کہا کہ عمران خان شاہراہوں اورچوراہوں پرعدالت لگانے کی بجائے آزاد عدلیہ سے رجوع کریں۔ تحریک انصاف کے چیئرمین کومعلوم ہوناچاہئے انصاف الزام لگانے سے نہیں عدالت کے روبرو ٹھوس شواہد پیش کرنے سے ملتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بلیم گیم کامتحمل نہیں ہوسکتا،کپتان دھونس جمانے اورمنتخب حکومت کودھمکانے کی بجائے دلیل کے ساتھ بات کریں۔پی ٹی آئی کی دماغی طورپربیمار قیادت نے اپنے ناجائزمطالبات منوانے کیلئے ناجائزراستہ اختیار کیا ،عمران خان حکومت کوگرانے اورعدلیہ کودبانے کاخیال اپنے دل سے نکال دیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگ مضبوط اورفعال جمہوریت کے خواہاں ہیں ،وہ کسی شورش اورسازش کوکامیابی سے ہمکنار نہیں ہونے دیں گے۔مسلم لیگ (ن) کی حکومت اپنی آئینی مدت پوری اوراعلیٰ کارکردگی کی بنیادپر دوبارہ پھر مرکزاورچاروں صوبوں میں حکومت بنائے گی،عمران خان کے پیٹ میں خوامخواہ مروڑاٹھ رہے ہیں ۔