کراچی(یو این پی) پی ایس ایل 8 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 97 رنز کی اننگز کھیلنے والے اسلام آباد یونائیٹڈ کے وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان نے کہا ہے کہ سنچری سے محروم رہنے پر افسوس ہے۔اعظم خان نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر سنچری اسکور ہوجاتی تو اچھا لگتا مگر اللہ کا شکر ہے کہ اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہا۔ مجھے خود پر بہت بھروسہ تھا کہ اچھا کھیل پیش کرنے میں کامیاب رہوں گا، اندازہ تھا کہ میری اچھی فارم لگی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی پی ایل میں بھی اچھا کھیلا تھا،بھرپور انداز میں پریکٹس کرنے کی وجہ سے کارکردگی پر اچھا اثر پڑتا ہے، میں اپنے والد سابق ٹیسٹ کپتان معین خان کی اکیڈمی میں بھرپور طریقے سے پریکٹس پر توجہ دیتا ہوں۔اعظم خان نے کہا کہ سچی بات تو یہ ہے کہ میرے والد نے ہمیشہ بہت مدد اور رہنمائی کی ،مجھے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا تھا اور لوگ کہتے تھے کہ تم اپنے والد کی وجہ سے پیچھے رہ جاؤ گے، لیکن انہوں نے ہمیشہ میری ہمت بندھائی۔