ضلع کی ترقی اور بہتری کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے مشترکہ تعاون سے کام کیا جائے گا;ڈپٹی کمشنر

Published on March 10, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 101)      No Comments

ٹھٹھہ (یواین پی/ حمید چنڈ)ڈپٹی کمشنر غلام فاروق سومرو نے کہا ہے کہ ضلع کی ترقی اور بہتری کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے مشترکہ تعاون سے کام کیا جائے گا، عوام کی خدمت کرنی ہے، امید ہے کہ بہتر نتائج برآمد ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دربار ہال مکلی میں ضلع کے تمام محکموں کے افسران کے ساتھ منعقدہ تعارفی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ریاض حسین لغاری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو شاہد نذیر لنڈ بلوچ، اسسٹنٹ کمشنرز، مختیارکارز، محکمہ صحت، تعلیم، میونسپل، ٹاؤن، پبلک ہیلتھ، سوشل ویلفیئر، اطلاعات، زراعت، آبپاشی و ديگر مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دیں اور غریب اور نادار لوگوں کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ ضلع کے تمام مراکز صحت اور ہسپتالوں میں ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف، ایمبولینسز اور ادویات کی دستیابی سمیت صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے اور مریضوں کو علاج و معالجہ کی بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے میونسپل اور تمام ٹاؤن افسران کو ہدایت کی کہ وہ شہروں میں صفائی، نکاسی آب اور پینے کے پانی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنا کر لوگوں کو زیادہ سے زیادہ میونسپل سروسز فراہم کریں۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو معیار اور وقت کے ساتھ مکمل کیا جائے تاکہ عوام زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل ہو سکے۔ ڈپٹی کمشنر غلام فاروق سومرو نے محکمہ تعلیم اور دیگر متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ خانہ و مردم شماری کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کو کامیاب بنانے کے لیے پوری توجہ اور محنت سے کام سرانجام دیا جائے تاکہ اس قومی فریضہ کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہر شہر کا دورہ کرکے تمام محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔ قبل ازیں تمام متعلقہ افسران نے اپنے اپنے محکموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress主题