فیصل آباد (یو این پی/ایم ایس مہر)جمعیت علمائے اسلام(جے یو آئی ف) پاکستان کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفوری حیدری نےکہا ہے کہ پاکستان 1947میں وجود میں آیاجسے آج 75سال ہوگئے اس دوران چاہیے تو یہ تھا کہ ترقی کی منازل طے کرتے کرتے ہماری معیشت دوسری یا تیسری پوزیشن پر ہوتی لیکن ماضی میں اس ملک کوبیدردی سے نوچا گیااورکسی نے یہ نہیں سوچا کہ معیشت بہتر کرنی ہے، قوم کو یکجا کرنا ہے اور اسے بحرانوں سے نجات دلانی ہے بلکہ اب صورتحال یہ ہوچکی ہے کہ اگر اس ملک و قوم سے بھائی چارے کو نکال دیا جائے تو پاکستان ایک کھوکھلی ریاست بن کر رہ جائے۔انہوں نےمدنی چوک سمن آبادفیصل آباد میں تحفظ اسلام و استحکام پاکستان ورکرز کنونشن سے خطاب کر نےکے بعدیو این پی سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ عمران خان نے قوم سے بے شمار وعدے کئے، اس نے قوم کو ایک منشور دیا مگر اس پر خود ہی عمل نہیں کیا، ایک وعدہ ایک کروڑ نوکریوں کا تھا، دوسرا وعدہ پچاس لاکھ گھروں کا، تیسرا وعدہ ڈالر کو 100روپے پر لانے کا کیامگر ان میں سے کوئی بھی وفا نہ ہوسکا۔پھر اس نے کہا کہ میں میگا پراجیکٹ چلا¶ں گا، معیشت کو آسمان تک لے جا¶ں گا، ملک صنعتی میدان میں بہت ترقی کرے گا، لوگ باہر سے نوکریاں لینے آئیں گے لیکن وہ تین چار سالوں میں صرف سیاستدانوں کو برا بھلا کہنے اور گالیاں دینے کے سوا کوئی کام بھی نہیں کرسکا۔انہوں نے کہا کہ شوپیس دینے والوں نے یہ نہیں سوچا تھا کہ عمران اس قدر نااہل ثابت ہوگاجس کی وجہ سے معیشت زمین بوس ہوگئی اور ملک ڈیفالٹ کرنے کی حد تک پہنچ گیا۔انہوں نے کہا کہ ہم سے میڈیا والے سوال کرتے ہیں کہ آپ نے حکومت کیوں لی توہمارا جواب یہ ہے کہ ہم نے حکومت چیلنج سمجھ کر قبول کی کیونکہ ہم اس ملک کو ڈیفالٹ اور اس کی معیشت کو برباد ہوتا ہوا نہیں دیکھ سکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے آئین کے مطابق فتنہ خان کو ہٹایااور ہم قوم کویہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم 14سال پہلے بھی یہ کہتے تھے کہ یہ ایک اسرائیلی ایجنٹ اور قادیانیوں کا سہولت کار ہے جبکہ امریکہ اور امریکی ملٹی نیشنل کمپنیاں اس کی پشت پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس نے سب کچھ کھول کر ثابت کردیا اور مولانا فضل الرحمن کی سب باتیں سچ ثابت ہو گئیں۔انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں عدل ہوتو اس نے جو غداریاں کی ہیں اس کو سولی پر لٹکایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خان نے کشمیر کا سودا کیااور اسرائیل، بھارت اور امریکی ملٹی نیشنل کمپنیوں سے فنڈنگ لی۔ انہوں نے کہا کہ وہ باقی جماعتوں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے عمران کے خلاف ہمارا ساتھ دیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے تحفظ ناموس رسالت کے معاملے پر ملین مارچ کیا تو عمران پیچھے ہٹ گیااور یہ مولانا کی دین کیلئے قربانیاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیکولرزم ہمارے لئے قابل قبول نہیں لیکن عمران اور باقیوں میں یہ فرق ہے کہ عمران نے ہمارے عقیدہ اور ایمان پر ہاتھ ڈالا ہے اسلئے ہمیں عمران برداشت نہیں۔مولانا غفور حیدری نے کہا کہ اگر ملک میں اسلامی نظام ہوتا تو معیشت بہتر، ملک میں امن اور عدل و انصاف کا بول بالا ہوتا۔انہوں نے کہا کہ ہم صرف اسلئے اس کے خلاف ہیں کہ یہ اسرائیلی ایجنٹ اور قادیانی سہولت کار ہے۔ ورکرز کنونشن کے آخر میں اعجاز جیکب گل نے جے یو آئی ف کے اقلیتی ونگ میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر امیر ضلع فیصل آبادجے یو آئی (ف) سید زکریا شاہ، مولانا صفی اللہ، مولانا اسلام غوری اور دیگر علما کرام بھی موجود تھے۔ آخر میں جے یو آئی(ف) کی طرف سے اعلان کیا گیا کہ ہر صوبائی حلقہ میں ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا جائے گا اور ہر صوبائی حلقہ میں جے یوآئی(ف) اپنے نمائندہ کو الیکشن میں کھڑا کرے گی۔