فیصل آباد (یو این پی)پنجاب کے فیصل آباد سمیت 13اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز 13مارچ سے ہوگا،لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد میں مہم سات روز جبکہ بہاولپور، بھکر، ڈی جی خان، لیہ، میانوالی، ملتان، راجن پور، رحیم یار خان، شیخوپورہ اور سیالکوٹ میں پانچ روز جاری رہے گی۔پانچ سال تک کی عمر کے ایک کروڑ13لاکھ50ہزار سے زائد بچوں کو ویکسئن کے قطرے پلائے جائیں گے۔مہم کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت اجلاس آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ نگران وزیر پرائمری صحت ڈاکٹر جمال ناصر، تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ، سیکرٹری پرائمری ہیلتھ کیئر، محکمہ صحت کے حکام اور پولیو کے خاتمے کیلئے کام کرنے والے عالمی اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔چیف ۷ سیکرٹری نے ہدایت کی کہ انسداد پولیو مہم کو بھرپور انداز میں کامیاب بنا یا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے وائرس کیخلاف کامیابیوں کا تسلسل بر قرار رکھنا از حد ضروری ہے، ڈپٹی کمشنرز انسداد پولیو مہم کے معیار اور کوریج پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیووائرس سے بچا کا واحدحل ویکسین ہے اس لئے والدین پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو ہر بار ویکسین کے قطرے لازمی پلائیں۔سیکرٹری پرائمری صحت نے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا کہ 13مارچ سے شروع ہونیوالی انسداد پولیو مہم میں 90ہزار سے زائد پولیو ورکرز خدمات سر انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نقل مکانی کرنے والی آبادی کی کوریج کیلئے خصوصی پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں۔