سپریم کورٹ الیکشن التواء کیس کا فیصلہ آج سنائے گی

Published on April 4, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 42)      No Comments

اسلام آباد(یو این پی)سپریم کورٹ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن ملتوی کرنے کے خلاف درخواست پر فیصلہ آج سنائے گی۔ذرائع کے مطابق فیصلہ 11:30 بجے کے بعد کسی بھی وقت سنایا جا سکتا ہے تاہم فیصلے کے حتمی وقت کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔سپریم کورٹ میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔گزشتہ روز سپریم کورٹ میں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن کے التواء سے متعلق کیس کی سماعت مکمل پر فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔سماعت میں دوران اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، الیکشن کمیشن کے وکلاء سجیل سواتی اور عرفان قادر، پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر علی ظفر، پاکستان پیپلز پارٹی کے وکیل فاروق ایچ نائیک، سیکریٹری دفاع، سیکریٹری الیکشن کمیشن اور ڈپٹی سیکریٹری داخلہ عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت کے اختتام پر چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کا پیغام پہنچائیں کہ ابھی بھی وقت ہے معاملات کو سیاسی طور پر حل کریں ایسا نہ ہو کہ کوئی دوسرا غیر ضروری ایشو آ جائے۔دوران سماعت چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا کہ یہ اپنے ججز خود چننا چاہتے ہیں، ایسا کبھی نہیں ہوا کہ اپنے مقدمات کے لیے ججز خود منتخب کیے ہوں۔انہوں نے کہا کہ قانون کسی کو الیکشن ملتوی کرنے کا اختیار نہیں دیتا، عدالت ہی الیکشن کی تاریخ آگے بڑھا سکتی ہے، حکومت نے کوئی مواد نہیں دیا جس پر الیکشن ملتوی ہو سکیں۔
الیکشن التوا کیس: سپریم کورٹ میں کب کیا ہوا؟
سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست 27 مارچ کو سماعت کے لیے منظور کی تھی۔سپریم کورٹ نے 27 مارچ کو ہی کیس کی پہلی سماعت کی، 8 دنوں میں 6 سماعتیں ہوئیں۔کیس کی سماعت کے لیے چیف جسٹس پاکستان نے 5 رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا، جس میں چیف جسٹس عمر عطاء بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر شامل تھے، جبکہ جسٹس امین الدین خان اور جسٹس جمال خان مندوخیل بھی لارجر بینچ کا حصہ تھے۔جسٹس امین الدین خان نے 30 مارچ کو کیس سننے سے معذرت کی، جبکہ جسٹس جمال مندوخیل نے 31 مارچ کو کیس سننے سے معذرت کر لی تھی۔عدالت نے اٹارنی جنرل، الیکشن کمیشن کے وکلاء کے دلائل سنے، پنجاب، کے پی کے ایڈووکیٹ جنرلز نے بھی دلائل دیے، سیکریٹری دفاع اور سیکریٹری خزانہ نے عدالتی حکم پر پیش ہو کر سیکیورٹی اور فنڈز پر جوابات دیے۔الیکشن کمیشن کے وکلاء عرفان قادر اور سجیل سواتی نے بھی دلائل دیے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Free WordPress Themes