لاہور(یو این پی) پاکستانی اداکار، فلم ڈائریکٹر و رائٹر شمعون عباسی نے بھی اداکارہ شیری شاہ سے چوتھی شادی کی تصدیق کر دی ہے۔یاد رہے کہ رواں ہفتے فیس بُک پر اداکارہ شیری شاہ نے شمعون عباسی کی سالگرہ کے موقع پر اِنہیں مبارکباد دیتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ یہ جوڑی رشتۂ ازدواج میں بندھ چکی ہے۔بات کے کھُلنے پر اب شمعون عباسی نے بھی سوشل میڈیا پر شیری شاہ سے شادی کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ان کی شادی 4 سال قبل ہوگئی تھی جس کو انہوں نے خفیہ رکھا۔شمعون نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک پوسٹ اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہے۔شمعون عباسی نے شیری شاہ کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے پوسٹ میں لکھا ہے کہ اللّٰہ کے سامنے شادی کرنا گرل فرینڈ بنانے سے بہتر ہے، اُنہیں دوبارہ شادی کرنے پر فخر ہے کیوں کہ وہ ہمیشہ ایک ایسی زندگی چاہتے تھے جس میں سکون ہو اور آخر کار اِنہیں یہ سکون مل گیا ہے۔شمعون عباسی نے انکشاف کیا کہ حقیقت یہ ہے کہ میری اور شیری شاہ کی شادی 4 سال قبل ہوئی تھی مگر سوشل میڈیا کے زہریلے پن کی وجہ سے کبھی بھی یہ خبر شیئر نہیں کی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اب اس خبر کو عام کر دیا گیا ہے تو میں ہر ایک کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جنہوں نے ہماری شادی کی پوسٹ پڑھنے کے بعد ہم دونوں کے لیے دعائیں کیں۔شمعون عباسی نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ پر تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ بہت سے لوگ اس خبر کو مذاق بنانا اور ٹرول کرنا چاہیں گے لیکن مجھے لگتا ہے نفرت کرنے والے نفرت کریں گے کوئی جو کرتا ہے کرے ہمیں فرق نہیں پڑتا۔واضح رہے کہ یہ شمعون عباسی کی چوتھی شادی ہے۔اس سے قبل شمعون عباسی اداکارہ حمائمہ ملک اور اداکارہ جویریہ عباسی کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک رہ چکے ہیں۔