فیصل آباد (یو این پی)جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیرسردارظفرحسین خاں ملک کو موجودہ سیاسی بحران سے نکالنے کیلئے امیرجماعت اسلامی سراج الحق کے کردار کو لائق تحسین قراردیتے ہوئے کہاہے کہ موجودہ حالات میں ملک کسی مزید سانحہ کا متحمل نہیں ہو سکتا، موجودہ مسائل کا حل کسی عدالت یا اسٹیبلشمنٹ کے ذریعے ممکن نہیں، سیاست دانوں کو ہی فی الفور آگے آنا ہو گا۔سیاسی قائدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ آگے بڑھیں اور سنجیدہ مذاکرات کا آغاز کریں۔انہوں نے کہاکہ عام انتخابات کا ایک دِن انعقاد قومی مطالبہ اور جمہوری استحکام کے لیے ضروری ہے۔ انتخابات ایسے ماحول میں ہونے چاہییں کہ جس کے نتائج سبھی تسلیم کریں اور اس کے نتیجے میں مزید افراتفری نہ پھیلنے پائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی کے ساتھ معاشی اور آئینی بحران بھی منہ کھولے کھڑا ہے، اقتصادی بحران اور عالمی استعماری قوتوں کے سنسنی پر مبنی حربوں کے توڑ کے لیے قومی قیادت کا قومی ترجیحات پر اکٹھا ہونا ناگزیر ہوچکا ہے، وگرنہ سپریم کورٹ کی تقسیم اور اُلجھاؤ قومی اداروں کو ٹکرا دے گا، عوام جمہوری حق سے محروم ہونگے، قومی سلامتی ہمہ گیر خطرات سے دوچار ہوجائے گی۔آئین و قانون سے ماورا ہر اقدام اور ہر امکانی ایڈونچر سے بچنے کے لیے سیاسی مسائل کا سیاسی حل ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ معیشت اور سیاست کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ جب تک جمہوریت، پارلیمنٹ میں استحکام نہیں آئے گا، معاشرتی زوال تیز رفتار ہوتا جائے گا۔ قومی قیادت کو سیاسی، جمہوری اور آئینی رویوں سے خود حالات کو سنبھالنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ قومی اتفاقِ رائے کے لیے آئین کے دائرہ کار کو بنیاد بنایا جائے۔ شفاف و غیرجانبدارانہ انتخابات، بااختیار بلدیاتی نظام اور عدلیہ کو ہر طرح کے سیاسی ریاستی دباؤ سے نکالنا بیحد ضروری ہے۔ اقتصادی بحران کے خاتمہ کے لیے خودانحصاری، سُود کے خاتمہ اور اپنے وسائل، بیرون ملک پاکستانیوں کی طاقت پر انحصار کیا جائے۔