اسلام آباد(یو این پی)ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس کا کہنا ہے عمران خان کی ہائیکورٹ میں متوقع پیشی کی مناسبت سے شہر میں دفعہ 144 نفاذ کیا گیا ہے، کسی قسم کا اجتماع غیر قانونی ہوگا۔ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی 9 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہوگی۔ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ امن عامہ کے پیش نظر سیکٹر جی 10 پروجیکٹ موڑ اور عون محمد رضوی روڈ پر ڈائیورژن ہوگی۔پولیس نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری دوران سفر متبادل راستوں کا انتخاب کریں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے 9 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سابق وزیراعظم عمران خان کو آج تک پیش ہونے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کی تھی۔عدالت نے کہا تھا کہ اگر عمران خان جمعرات کو پیش نہ ہوئے تو ضمانت مسترد کردی جائے گی۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ کبھی تھریٹ ہے، کبھی ٹانگ میں درد ہے، 4 پیشیوں پر حاضر نہیں ہوئے، یہ آرڈر لے کر کوئی اور ملزم بھی آئے گا کہ یہ مثال موجود ہے۔