اسلام آباد: (یو این پی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان اور پی ٹی آئی کی 121 کیسز میں کارروائی روکنے کی درخواست قابلِ سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی۔عمران خان کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے جنہوں نے بتایا کہ عمران خان کے خلاف ریکارڈ کے مطابق 127 ایف آئی آرز درج ہیں۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے استفسار کیا کہ کیا یہ 127 مقدمات پورے پاکستان میں درج ہیں؟واضح رہے کہ عسکری ادارے کے افسران کے خلاف بیان بازی اور محسن شاہنواز رانجھا پر حملے کے مقدمات میں عمران خان کی ضمانت کی درخواستوں پر آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہو گی۔اس موقع پر عدالت میں پیش ہونے کے لیے عمران خان لاہور سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی جانب روانہ ہوئے ہیں۔